National News

حج کے سفر کو سہل اور خوشگوار بنانا ہمارا مقصد ہے: کوثر جہاں

حج کے سفر کو سہل اور خوشگوار بنانا ہمارا مقصد ہے: کوثر جہاں

نئی دہلی:جیسے جیسے مقدس حج 2026 کے لیے عازمینِ حج کی روانگی کا وقت قریب آ رہا ہے، ویسے ویسے حج سے متعلق انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے مختلف سطحوں پر کام اور اجلاسوں کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے اسی سلسلے میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیرِ اہتمام، مورخہ 18 اپریل سے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ، ٹرمینل-3 سے شروع ہونے والی حج پروازوں سے قبل، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن محترمہ کوثر جہاں کی صدارت میں حج انتظامات کے جائزے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اس اجلاس میں دہلی کے مختلف متعلقہ محکموں مثلاً ایم سی ڈی، دہلی پولیس، دہلی اربن شیلٹر امپروومنٹ بورڈ، دہلی جل بورڈ، سول ڈیفنس وغیرہ کے افسران نے شرکت کی۔
اس سے قبل سینٹرل دہلی کے ایڈیشنل ڈی سی پی جناب رشی سنگھ، آئی پی ایس کے ہمراہ دہلی کے مشہور رام لیلا میدان میں عازمینِ حج کے لیے قائم کیے جانے والے حج کیمپ کے مقام کا معائنہ بھی کیا گیا اور وہاں جاری تیاریوں و انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس اجلاس میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی، ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی اور حج کمیٹی کے متعلقہ عملے نے بھی شرکت کی۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے حج سے متعلق معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اس سال دہلی ریاست سے 3226 عازمینِ حج مقدس سفرِ حج پر روانہ ہوں گے، جبکہ دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے شمالی ہند کے تقریباً 22000 عازمینِ حج، دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی نگرانی و سرپرستی میں مقدس حج کے لیے روانہ ہوں گے۔ ان تمام عازمینِ حج کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج کیمپ اور دہلی ایئرپورٹ تک آمد و رفت کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔


 



Comments


Scroll to Top