واشنگٹن:سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ دوبارہ صدر بنتے ہیں تو اسرائیل اور امریکہ کے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہوں گے۔ مسٹر ٹرمپ نے فلوریڈا میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ اگر میں صدر بنتا ہوں تو امریکہ ایک بار پھر پہلے سے زیادہ مضبوط اور متحد ہو جائے گا۔ مسٹر ٹرمپ نے کہا کہ وہ یہودی ریاست اور امریکی یہودی برادریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے اسرائیل کے خلاف دھمکیوں کو روکنے اور دہشت گردی کے خلاف اس کی جنگ کی حمایت کا وعدہ کیا۔ قابل ذکر ہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر ایک غیر معمولی راکٹ حملہ کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ فلسطینی تحریک حماس کے جنگجوو¿ں نے سرحدی علاقوں میں گھس کر فوجیوں اور شہریوں پر فائرنگ کی اور یرغمال بنائے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے کے دوران تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے۔ اسرائیلی دفاعی افواج نے غزہ کی پٹی میں آپریشن آہنی تلواروں کا آغاز کیا اور انکلیو کی مکمل ناکہ بندی کا اعلان کیا۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 41,900 سے تجاوز کر گئی ہے۔