نئی دہلی: حج 2026 کے لیے دہلی امبارکیسن سے پروازوں کا سلسلہ آیندہ 18 اپریل سے شروع ہو رہا ہے اور 20 مئی تک جاری رہے گا، اس درمیان عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کر نے کے لیے مختلف سطح پر کام کیے جا رہے ہیں، اسی ضمن میں دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کے ٹرمینل 3 پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئر پرسن کوثر جہاں کی صدارت میں ایک اہم انتظامی میٹینگ کا انعقاد کیا گیا۔ میٹنگ میں دہلی ایر پورٹ اتھارٹی، دلی پولیس،سی آئی ایس ایف، امیگریشن اور کسٹم وغیرہ مختلف متعلقہ محکموں کے افسران کے علاوہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی،ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی، حج کمیٹی آف انڈیا لائزن آفیسر سلطان احمد بھی موجود تھے۔
میٹنگ میں عازمین کی روانگی اور واپسی کے متعلق کیی اہم فیصلے لیے گیے اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ عازمین حج اور ان کو روانہ کرنے کے لیے آنے والے احباب و متعلقین کو کسی طرح کی کوئی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
واضح رہے کہ اس سال سعودی ایر لائن کی کل 54 پروازوں سے ریاست دہلی سمیت شمالی ہندوستان کے مختلف ریاستوں کے تقریباً 21100 عازمین حج مقدس سفر حج کے لیے مدینہ منورہ اور جدہ کے راستے مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس سال دہلی امبارکیسن سے سفر حج کے لیے پہلے مرحلے کی 31 پروازوں سے 12240 عازمینِ حج مدینہ منورہ کے لیے جب کہ دوسرے مرحلے کی 23 پروازوں سے 8860 عازمین حج مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوں گے جب کہ ریاست دہلی کے عازمین3196ہے۔ اس سال پہلی دفعہ شروع ہونے والے قلیل مدتی حج پر جانے والے عازمین کے لیے 19 اور 20 مئی کو روانہ ہو نے والی کل5 پروازوں سے تقریباً 2000عازمین بیس روزہ قلیل مدتی حج کے لیے روانہ ہوں گے۔