ممبئی:بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ کو تاوان کے سلسلے میں ایک بار پھر دھمکی آمیز آڈیو پیغام موصول ہوا ہے، جس کے بعد ممبئی پولیس نے معاملے کی تفتیش شروع کر دی ہے تفتیشی افسر کے مطابق 14 فروری کو بتایا گیا کہ اداکار کو تقریباً 3 منٹ طویل واٹس ایپ آڈیو کلپ موصول ہوا جو جمع کی دیر شام بھیجا گیا تھا پولیس کے مطابق، یہ پیغام باکسر سے گینگسٹر بنے ہری چند جات عرف ہیری باکسر کی جانب سے بھیجا گیا ہےآڈیو میں رنویر سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر وہ “لائن میں” نہ رہے اور مطالبات پورے نہ کیے تو ان کی ٹیموں کو “سخت نتائج” کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پیغام میں خود کو گینگسٹر لارنس بشنوئی کا وفادار ساتھی قرار دیتے ہوئے اداکار کو سبق سکھانے کی دھمکی دی گئی ہے۔
آڈیو میں مزید کہا گیا ہے کہ گینگ کو ہلکا سمجھنے کی صورت میں انہیں ختم کر دیا جائے گا۔ پیغام بھیجنے والے نے دعویٰ کیا کہ فلمی شخصیات کے بارے میں تمام معلومات ان کے پاس موجود ہیں۔ اسی کلپ میں پرتگال میں ایک ٹیلرنگ دکان پر فائرنگ کی ذمہ داری بھی قبول کی گئی ہے۔ دعویٰ کیا گیا کہ یہ کارروائی سنیل مینا، جو راجستھان کا گینگسٹر بتایا جاتا ہے، کے ساتھ مل کر کی گئی کیونکہ دکان کا مالک بھارتی مہاجر مزدوروں کا استحصال کر رہا تھا۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ آڈیو کلپ کی صداقت جانچنے کے لیے اسے فارنسک سائنس لیب بھیج دیا گیا ہے اور ہیری باکسر کی آواز کے نمونے بھی جانچ کے لیے روانہ کیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق اس سے قبل بھی ہیری باکسر نے رنویَر سنگھ کو دھمکی دی تھی اور 1 کروڑ روپے طلب کیے تھے۔