نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے کوچی زونل آفس نے منگل کو کیرالہ، تمل ناڈو اور کرناٹک میں 21 مقامات پر تلاشی کارروائیاں کیں یہ چھاپے سبریمالا مندر سے متعلق سونے اور دیگر اثاثوں کے مبینہ غبن سے جڑے ہیں تلاشی کا مقصد جرائم کی آمدنی کا سراغ لگانا، فائدہ اٹھانے والوں کی شناخت کرنا، مجرمانہ دستاویزات اور ڈیجیٹل ثبوت ضبط کرنا اور منی لانڈرنگ کے پورے معاملے کا پتہ لگانا ہے۔
یہ تحقیقات کیرالہ کرائم برانچ کی جانب سے درج کئی ایف آئی آرز سے شروع ہوئی ہیں۔ ان ایف آئی آرز میں ایک گہری جڑوں والی مجرمانہ سازش کا انکشاف ہوا ہے جس میں تراونکور دیوسوم بورڈ کے اہلکار، نجی افراد، دلال اور جیولرز شامل ہیں۔ عدالت کے حکم کے بعد ای ڈی نے یہ کیس منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے) کے تحت درج کیا۔
ای ڈی نے کہاکہ "ابتدائی تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ سونے سے مزیّن مقدس نوادرات کو سرکاری ریکارڈ میں جان بوجھ کر 'تانبے کی پلیٹیں' ظاہر کیا گیا اور 2019 سے 2025 کے درمیان غیر قانونی طور پر مندر کے احاطے سے نکالا گیا۔ سونا مبینہ طور پر کیمیائی عمل کے ذریعے چنئی اور کرناٹک کی نجی سہولتوں میں نکالا گیا، جس سے جرائم کی آمدنی پیدا ہوئی جو بعد میں رکھی گئی، منتقل کی گئی اور چھپائی گئی۔
ایجنسی نے مزید کہا کہ تحقیقات میں سبریمالا میں دیگر مالی بے ضابطگیوں اور اسکینڈلز کے اشارے بھی ملے ہیں، جن میں مندر کی نذرانوں اور رسومات سے متعلق غبن شامل ہے۔ یہ بھی پی ایم ایل اے کے فریم ورک کے تحت جانچ کی جا رہی ہیں۔