انٹرنیشنل ڈیسک: مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان بھارت کے لیے ایک راحت بھری خبر سامنے آئی ہے۔ دو بھارتی مائع گیس بردار بحری جہاز جگ واسنت اور پائن گیس بحفاظت آبنائے ہرمز عبور کر چکے ہیں۔ یہ دونوں جہاز قریب 92000ٹن مائع گیس لے کر بھارت آ رہے ہیں۔ ان پر60سے زیادہ بھارتی ملاح سوار ہیں جنہوں نے نہایت حساس علاقے سے محفوظ سفر مکمل کیا ہے۔
یہ گزر ایسے وقت میں ہوا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز تقریباً بند ہونے کی حالت تک پہنچ گئی تھی۔ یہ آبی راستہ دنیا کے اہم ترین راستوں میں سے ایک ہے جہاں سے تیل اور گیس کی بڑی مقدار میں سپلائی ہوتی ہے۔ سرکاری حکام کے مطابق یہ جہاز 26 سے 28 مارچ کے درمیان بھارت پہنچ سکتے ہیں۔ ان کا پہنچنا ملک کی توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لحاظ سے نہایت اہم سمجھا جا رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ بحری جہاز ان22 بھارتی جہازوں میں شامل تھے جو مشرق وسطیٰ کے بحران کے باعث خلیج فارس میں پھنس گئے تھے۔
اب آہستہ آہستہ تمام جہازوں کو محفوظ نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس سے پہلے ایم ٹی شیوالک اور ایم ٹی نندا دیوی بھی بحفاظت بھارت پہنچ چکے ہیں جو تقریباً ایک دن کی ملکی گیس کھپت کے برابر مائع گیس لے کر آئے تھے۔ حکومت نے صاف کہا ہے کہ تمام جہازوں اور ملاحوں کی حفاظت اس کی ترجیح ہے۔ جب تک تمام پھنسے ہوئے جہاز محفوظ طور پر نہیں نکل جاتے تب تک کوششیں جاری رہیں گی۔ اس دوران نریندر مودی نے یقین دلایا ہے کہ بھارت کے پاس کافی تیل اور گیس ذخیرہ موجود ہے اور سپلائی میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائے گی۔