Latest News

ٹرمپ نے نئے بڑے جنگی جہاز کی تعمیر کا کیااعلان، بیٹل شپ سے 100 گنا زیادہ ہوگا طاقتور

ٹرمپ نے نئے بڑے جنگی جہاز کی تعمیر کا کیااعلان، بیٹل شپ سے 100 گنا زیادہ ہوگا طاقتور

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکی بحریہ کے لیے ایک نئے بڑے جنگی جہاز کی تعمیر کے منصوبے کا اعلان کیا ہے، جسے انہوں نے ' بیٹل شپ ' کا نام دیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے فلوریڈا میں واقع اپنے مار اے لاگو ریزورٹ میں کیا۔ ٹرمپ نے اسے امریکہ کی مجوزہ' گولڈن فلیٹ'  کا ایک اہم حصہ قرار دیا۔ ٹرمپ نے دعوی کیا کہ یہ نیا جنگی جہاز اب تک بنائے گئے کسی بھی بیٹل شپ سے  'سو گنا زیادہ طاقتور' ، سب سے تیز رفتار اور سب سے بڑا ہوگا۔ ان کے مطابق یہ جہاز دوسری عالمی جنگ کے دوران استعمال ہونے والے آیووا کلاس بیٹل شپ سے بھی زیادہ لمبا اور بھاری ہوگا، جن کا وزن تقریبا 60000  ٹن تھا۔
ٹرمپ نے کہا کہ اس نئے جنگی جہاز میں ہائپرسونک میزائل، ریل گن اور اعلی صلاحیت والے لیزر ہتھیار نصب کیے جائیں گے۔ تاہم امریکی بحریہ ابھی ان ٹیکنالوجیز کو مکمل طور پر تیار کرنے کے عمل میں ہے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی بحریہ نے حال ہی میں لاگت میں اضافے اور تاخیر کی وجہ سے ایک نئے چھوٹے جنگی جہاز کے منصوبے کو منسوخ کر دیا تھا۔ اس کے علاوہ فورڈ- کلاس ایئر کرافٹ  اور کولمبیا -کلاس آبدوزوں جیسے بڑے منصوبے بھی وقت اور بجٹ سے پیچھے چل رہے ہیں۔ تاریخ میں بیٹل شپ کی اصطلاح بھاری بکتر اور بڑی توپوں سے لیس جنگی جہازوں کے لیے استعمال ہوتی رہی ہے، جنہیں سمندری اور ساحلی حملوں میں استعمال کیا جاتا تھا۔
دوسری عالمی جنگ کے بعد طیارہ بردار جہازوں اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی وجہ سے ' بیٹل شپ  ' کی اہمیت کم ہو گئی۔ ٹرمپ اس سے پہلے بھی بحریہ کے ڈیزائن اور ٹیکنالوجی کے بارے میں اپنی رائے کھل کر ظاہر کرتے رہے ہیں۔ اپنے پہلے دورِ صدارت میں انہوں نے جدید الیکٹرو میگنیٹک کیٹا پلٹ کے بجائے بھاپ سے چلنے والے پرانے نظام کو اپنانے کی وکالت کی تھی۔ انہوں نے بحریہ کے جہازوں پر زنگ لگنے اور ان کے بدصورت ڈیزائن پر بھی تنقید کی تھی۔ ٹرمپ نے کہا کہ اس نئے جنگی جہاز کے ڈیزائن میں ان کی براہِ راست شمولیت ہوگی۔ انہوں نے کہا، امریکی بحریہ ان جہازوں کے ڈیزائن کی قیادت کرے گی، لیکن میں بھی ساتھ رہوں گا، کیونکہ میں ایک بہت ایستھیٹک (جمالیاتی ) انسان ہوں۔
 



Comments


Scroll to Top