National News

نیپال کی سیاست میں نیا باب شروع : پی ایم سشیلا کارکی نے بنائی اپنی ٹیم، کابینہ میں 3 نئے وزاراء کئے شامل

نیپال کی سیاست میں نیا باب شروع : پی ایم سشیلا کارکی نے بنائی اپنی ٹیم، کابینہ میں 3 نئے وزاراء کئے شامل

 کھٹمنڈو: نیپال کی قائم مقام وزیر اعظم سشیلا کارکی نے اپنی کابینہ میں تین وزیروں کو شامل کیا ہے، جنہیں پیر کے روز حلف دلایا جائے گا۔ اس ہمالیائی ملک کی پہلی خاتون وزیر اعظم کارکی (73) نے اتوار کو عہدہ سنبھالا۔ نیپال کے صدر رام چندر پوڈیل نے اسی دن کارکی کی سفارش پر نیپال الیکٹرسٹی اتھارٹی کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر کُلمن گھیسنگ، سابق وزیر خزانہ رامیشور کھنال اور کھٹمنڈو کے میئر بالن کے مشیر اور وکیل اوم پرکاش آریال کو وزیر مقرر کیا۔
صدر کے دفتر سے قریبی ذرائع کے مطابق، نو منتخب وزیروں کو کھٹمنڈو کے مہاراج گنج علاقے میں واقع شیتل نیواس، صدر دفتر میں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا جائے گا۔ گھیسنگ توانائی، آبی وسائل اور شہری ترقی کی وزارت کا چارج سنبھالیں گے، کھنال کو وزیر خزانہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ آریال کو قانون اور داخلہ کی وزارت کا قلمدان دیا گیا ہے۔ سابق چیف جسٹس کارکی کو قائم مقام حکومت کی قیادت کے لیے احتجاجی جن زیڈ گروپ کی سفارش پر وزیر اعظم مقرر کیا گیا تھا۔ ملک میں 5 مارچ 2026 کو نئے انتخابات ہوں گے۔ سوشل میڈیا پر پابندی اور مبینہ بدعنوانی کے خلاف 'جن زیڈ' گروپ کے وسیع احتجاجی مظاہروں کے بعد وزیر اعظم کے پی شرما اولی نے گزشتہ منگل کو استعفی دے دیا، جس سے پیدا ہونے والی سیاسی غیر یقینی صورت حال کارکی کے 12 ستمبر کو حلف لینے کے ساتھ ہی ختم ہو گئی تھی۔
اولی کے استعفے کے مطالبے کے تحت سیکڑوں مظاہرین کے ان کے دفتر میں گھس جانے کے کچھ ہی دیر بعد منگل کو انہیں استعفی دینا پڑا تھا۔ ملک گیر احتجاجی مظاہروں میں کم از کم 72 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 'جن زیڈ' اس نسل کو کہا جاتا ہے جو 1997 سے 2012 کے درمیان پیدا ہوئی ہے۔ یہ وہ نوجوان طبقہ ہے جو ٹیکنالوجی، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے ساتھ بڑا ہوا ہے۔ انہیں ڈیجیٹل نیٹیوز بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ لوگ جدید ٹیکنالوجی کے تحت آنے والے اسمارٹ فون، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کے استعمال میں مہارت رکھتے ہیں۔
 



Comments


Scroll to Top