Latest News

ان چار ممالک نے ہندوستان کے لئے ویزا قوانین میں کئے یہ بڑے فیصلے ، جانئے اس کے پیچھے کی اصل وجہ

ان چار ممالک نے ہندوستان کے لئے ویزا قوانین میں کئے یہ بڑے فیصلے ، جانئے اس کے پیچھے کی اصل وجہ

نیشنل ڈیسک:  ہندوستانی  شہریوں کے لیے چار ممالک نے ویزا سے متعلق اہم فیصلے کیے ہیں۔ ان میں کچھ فیصلے راحت دینے والے ہیں، جبکہ کچھ سے مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ چین اور نیوزی لینڈ کے فیصلے  ہندوستانیوں  کے لیے مثبت سمجھے جا رہے ہیں، جبکہ امریکہ نے ویزا قوانین کو مزید سخت کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستان  کے ساتھ بڑھتے ہوئے تناؤ کے درمیان بنگلہ دیش نے بھی ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔
بنگلہ دیش نے ویزا خدمات معطل کر دیں 
سب سے پہلے بنگلہ دیش کی بات کریں تو اس نے  ہندوستانی  شہریوں کے لیے ویزا خدمات عارضی طور پر بند کر دی ہیں۔ نئی دہلی میں واقع بنگلہ دیش ہائی کمیشن اور تریپورہ میں اس کے مشن میں ویزا خدمات معطل کر دی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ  ہندوستان  اور بنگلہ دیش کے درمیان موجودہ سفارتی تنا ؤکے دوران لیا گیا ہے۔ بنگلہ دیش نے یہ قدم ہندوستان  کی پالیسی کے مطابق اٹھایا ہے۔
چین نے ویزا عمل کو آسان بنا دیا
چین نے ہندوستانیوں  کے لیے ویزا حاصل کرنے کے عمل کو پہلے کے مقابلے میں کافی آسان بنا دیا ہے۔ چین نے نیا آن لائن ویزا درخواست نظام شروع کیا ہے، جس سے اب کاغذی دستاویزات کی ضرورت کافی حد تک کم ہو گئی ہے۔ اس نئی سہولت کے ذریعے  ہندوستانی  شہری گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ چینی سفارت خانے نے پہلے ہی اطلاع دی تھی کہ یہ آن لائن ویزا نظام 22  دسمبر سے نافذ ہو جائے گا۔
نیوزی لینڈ نے نئے مواقع فراہم کیے
نیوزی لینڈ نے بھی ہندوستانی شہریوں کو بڑی راحت دی ہے۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے آزاد تجارتی معاہدے (Free Trade Agreement) کے تحت ہندوستانی پیشہ ور افراد اور طلبہ کے لیے نئے مواقع کھلیں گے۔ اس معاہدے کے تحت ایک نیا عارضی ملازمت ویزا شروع کیا جائے گا، جس کے ذریعے ایک وقت میں پانچ ہزار ہندوستانی  پیشہ ور افراد نیوزی لینڈ میں رہ کر کام کر سکیں گے۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، صحت کی خدمات، تعلیم اور تعمیرات جیسے شعبوں میں ہر سال بڑی تعداد میں عارضی ورک ویزے جاری کیے جائیں گے۔
اس معاہدے میں 18  سے 30  سال کے نوجوانوں کے لیے بارہ ماہ کا ورکنگ ہالی ڈے ویزا بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ہندوستانی طلبہ کو تعلیم کے دوران ہر ہفتے بیس گھنٹے تک کام کرنے کی اجازت دی جائے گی، جس سے انہیں تعلیم کے ساتھ ساتھ روزگار کا تجربہ بھی حاصل ہوگا۔
امریکہ نے ایچ 1 بی ویزا قوانین کئے سخت 
امریکہ نے  ہندوستانیوںکے لیے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ امریکہ نے ایچ 1  بی ویزا کے قوانین کو سخت کرتے ہوئے سوشل میڈیا کی جانچ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس کے نتیجے میں کئی ویزا انٹرویوز میں تاخیر ہو رہی ہے۔ 15  سے26  دسمبر کے درمیان بڑی تعداد میں ایچ 1 بی ویزا انٹرویوز منسوخ کر دیے گئے ہیں، جس سے ہزاروں اعلیٰ مہارت رکھنے والے  ہندوستانی  پیشہ ور افراد متاثر ہوئے ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق، نئی جانچ کے عمل کے تحت یہ یقینی بنایا جا رہا ہے کہ کوئی بھی درخواست گزار امریکہ کی قومی یا عوامی سلامتی کے لیے خطرہ نہ بنے۔ اسی وجہ سے ویزا کی منظوری کے عمل میں تاخیر ہو سکتی ہے اور ہندوستانی  درخواست گزاروں کو امریکہ واپس جانے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
 



Comments


Scroll to Top