واشنگٹن: امریکی سینیٹ نے ہندوستان میں امریکہ کے اگلے سفیر کے طور پر سرجیو گور کے نام کی منظوری دے دی ہے۔ گور (38) کے نام کو منگل کو سینیٹ نے منظور کیا۔ ووٹنگ میں 51 سینیٹرز نے گور کے حق میں اور 47 نے ان کے خلاف ووٹ دیا۔ یہ تصدیق موجودہ امریکی حکومت کے 'شٹ ڈاؤن' کے باوجود ہوئی۔ اس دوران، گور کے علاوہ 107 نامزد افراد کے ناموں کی بھی تصدیق ہوئی۔ دیگر نامزد افراد میں کیلیفورنیا کے پال کپور کو جنوبی ایشیائی امور کے لئے معاون وزیر خارجہ اور فلوریڈا کی انجنی سنہا کو سنگاپور میں سفیر مقرر کیا گیا۔
ٹرمپ نے اگست میں صدر کے عملہ ڈائریکٹر گور کو ہندوستان میں اگلے امریکی سفیر اور جنوبی و وسطی ایشیائی امور کے لئے خصوصی نمائندہ کے طور پر نامزد کیا تھا۔ ٹرمپ نے گور کو ایک بہت اچھا دوست قرار دیا اور کہا کہ وہ کئی سالوں سے ان کے ساتھ ہیں۔ ٹرمپ نے کہا، دنیا کے سب سے زیادہ آبادی والے علاقے کے لیے یہ ضروری ہے کہ میرے پاس کوئی ایسا شخص ہو جس پر میں اپنے ایجنڈے کو پورا کرنے اور امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانے میں ہماری مدد کے لیے مکمل اعتماد کر سکوں۔ سرجیو ایک شاندار سفیر ثابت ہوں گے۔
امریکہ میں ہندوستان کے سفیر وِنے موہن کواترا نے گور کی نامزدگی کا خیرمقدم کیا تھا اور انہیں ٹرمپ کے سب سے قابل اعتماد معاونین میں سے ایک بتایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ امریکہ کی طرف سے ہندوستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو دی جانے والی اہمیت اور ترجیح کو ظاہر کرتا ہے۔ گزشتہ مہینے سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی میں اپنے نام کی تصدیق کے لیے ہوئی سماعت میں گور نے ہندوستان کو امریکہ کا ایک اسٹریٹجک شراکت دار بتایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس اہم شراکت داری میں امریکہ کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ گور نے کہا تھا، امریکہ- ہندوستان تجارتی تعلقات میں بہتری سے نہ صرف امریکہ کی مقابلہ بازی بڑھے گی، بلکہ دوسرے ممالک پر چین کے اقتصادی اثرات بھی کم ہوں گے۔