Latest News

روسی ڈرون حملے میں پورا یوکرینی خاندان تباہ: تین معصوم بچے اور باپ ہلاک، زندگی اور موت کی  جنگ لڑرہی حاملہ ماں

روسی ڈرون حملے میں پورا یوکرینی خاندان تباہ: تین معصوم بچے اور باپ ہلاک، زندگی اور موت کی  جنگ لڑرہی حاملہ ماں

واشنگٹن: یوکرین کے شمال مشرقی خارکیف علاقے میں روس کی جانب سے کیے گئے ایک شدید ڈرون حملے نے ایک پورے خاندان کو تباہ کر دیا۔ حکام کے مطابق، رات کے وقت ایک روسی ڈرون نے بوہودوخیو قصبے میں ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا، جس میں ایک باپ اور اس کے تین چھوٹے بچوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ خارکیف کے علاقائی پراسیکیوٹر دفتر نے بتایا کہ حملے میں مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا اور آگ لگ گئی، جس کے باعث خاندان کے تمام افراد ملبے کے نیچے دب گئے۔ مرنے والوں میں 34 سالہ باپ، دو سال کے جڑواں بیٹے اور ایک سال کی بیٹی شامل ہیں۔

President @ZelenskyyUa: Yesterday, the Russians struck a private house in Kharkiv with a drone. They killed three young children. Their father was also killed. My sincere condolences to the family and loved ones. The mother was hospitalized – the woman is pregnant and suffered… pic.twitter.com/kRGBSgG0uK

— Defense of Ukraine (@DefenceU) February 11, 2026


ملبے سے زندہ نکالی گئی ماں کی حالت انتہائی نازک بتائی جا رہی ہے۔ وہ 35 ہفتوں کی حاملہ ہیں اور دھماکے کے باعث انہیں شدید چوٹیں، دماغی صدمہ، جلنے کے زخم اور سننے کی صلاحیت کو نقصان پہنچا ہے۔ یوکرینی حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ حملہ گیران-2  (Geran-2 ) ڈرون سے کیا گیا، جسے ایرانی شاہد ڈرون کا روسی ورژن سمجھا جاتا ہے۔ یوکرین کی فضائیہ کے مطابق، روس نے گزشتہ رات یوکرین پر کل 129 طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرون داغے۔ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب روس-یوکرین جنگ تقریبا چار سال مکمل کرنے والی ہے اور امریکہ کی قیادت میں امن کی کوششیں جاری ہیں۔
ادھر، جوابی کارروائی میں یوکرینی ڈرون حملے سے روس کے شہر وولگوگراد میں ایک صنعتی پلانٹ میں آگ لگ گئی۔ وولگوگراد علاقے کے گورنر آندرے بوچاروف نے بتایا کہ ڈرون کے ٹکڑوں سے ایک اپارٹمنٹ عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ، سکیورٹی وجوہات کی بنا پر روس کے آٹھ ہوائی اڈوں پر کچھ وقت کے لیے پروازیں معطل کرنی پڑیں۔
 



Comments


Scroll to Top