روم اٹلی: اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ یورپ کا نہایت خوبصورت ملک اٹلی جو اپنی بے شمار خوبیوں کی وجہ سے دنیا میں منفرد مقام رکھتا ہے۔ اٹلی کروڑ پتیوں کی تعداد میں جہاں سرفہرست ہے، وہاں دنیا کی سب سے زیادہ مہنگی مارکیٹ بھی غیر ملکیوں کے لیے کشش کا مرکز بن رہی ہے۔ جن لوگوں کا محبوب ملک اٹلی ہے، ان لوگوں کو یہ جان کر بہت خوشی ہوگی کہ اٹلی کے دارالحکومت روم کا مشہور بین الاقوامی ہوائی اڈہ 'لیونارڈو دا ونچی' پچھلے 8 سالوں سے یورپی ممالک کے ہوائی اڈوں کو پیچھے چھوڑ کر دنیا بھر میں مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر بہترین خدمات فراہم کرنے والا یورپ کا اول درجے کا ہوائی اڈہ ہونے کا اعزاز اپنے نام کر چکا ہے اور اس سال پھر منگل کے روز اعلان کی گئی ایئرپورٹ سروس کوالٹی کی منظوری کے ساتھ 9ویں بار بہتر خدمات فراہم کرنے والا اول درجے کا 'لیونارڈو دا ونچی' ایئرپورٹ بنا ہے۔

یہ اعلان بین الاقوامی تجارتی تنظیم ایئرپورٹس کونسل انٹرنیشنل ورلڈ کی جانب سے ایئرپورٹ سروس کوالٹی مسافر تجربہ ایوارڈ 2025 کے ذریعے کیا گیا۔ فیومیچینو ایئرپورٹ مسلسل 9 سال سے 40 ملین سے زائد مسافروں کے ساتھ بڑے ہب کے زمرے میں مسافروں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کے لیے سرفہرست یورپی ہوائی اڈے کے طور پر اپنی اعلیٰ حیثیت کو ایک بار پھر ثابت کرتا ہے۔ سال 2025 میں ایک بار پھر ایئرپورٹ سروس کوالٹی کی جانب سے دنیا بھر کے 400 سے زائد ہوائی اڈوں سے سفر کرنے والے تقریباً 7 لاکھ لوگوں کی رائے کے بعد یہ مقام فیومیچینو ایئرپورٹ کو حاصل ہوا ہے۔ 4.64 (1 سے 5 کے پیمانے پر) کے ریکارڈ اسکور کے ساتھ، فیومیچینو تمام 124 یورپی ہوائی اڈوں اور تازہ ترین سروے میں حصہ لینے والے بڑے یورپی اور شمالی امریکی ہبز میں سے پہلے مقام پر منتخب کیا گیا ہے۔
فیومیچینو ایئرپورٹ نے تمام ایوارڈ کی کیٹیگریاں بھی جیتیں جن میں بہترین ہوائی اڈے کے علاوہ، اس نے سب سے زیادہ وقف شدہ عملہ، سب سے آسان ہوائی اڈہ سفر، سب سے زیادہ خوشگوار اور یورپ کا سب سے صاف ہوائی اڈہ کے ایوارڈ بھی حاصل کیے، صارف کے تجربے میں شاندار کارکردگی، سفری کارکردگی اور مہمان نوازی سے لے کر صفائی اور مجموعی آرام تک کی سہولیات اسے بہترین بناتی ہیں۔ روم کے دوسرے ہوائی اڈے چیامپینو کو بھی ایئرپورٹس کونسل انٹرنیشنل نے 2 سے 5 ملین مسافروں کے زمرے میں یورپ کے بہترین ہوائی اڈے کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ وقف شدہ عملہ کے طور پر بھی تسلیم کیا ہے۔ روم کے ان دونوں ہوائی اڈوں سے سن 2025 میں کل 55 ملین مسافروں نے سفر کیا ہے، جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔