نیشنل ڈیسک : وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے منگل کے روز کہا کہ ایف اے ٹی ایف (فائنانشیل ایکشن ٹاسک فورس) دہشت گردوں کی مالی امداد کرنے کیلئے پاکستان کو کسی بھی وقت بلیک لسٹ میں ڈال سکتا ہے ۔ اگست مہینے میں ایف اے ٹی ایف کے ایشیا گروپ نے پاکستان کو دہشت گردی کی 'بلیک لسٹ ' میں ڈال دیا تھا کیونکہ وہ ہندوستان میں ہوئے کئی حملوں کے لئے ذمہ دار دہشت گردانہ تنظیموں تک مالی امداد پہنچنے سے روکنے میں ناکامیاب رہا تھا ۔
راجناتھ سنگھ نے ایک تقریب میں کہا کہ دہشت گردی کے پالنے اور فروغ دینے کیلئے ایف اے ٹی ایف کسی بھی وقت پاکستان کو بلیک لسٹ میں ڈال سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مالی ترقی کے بغیر بہت زیادہ فوج اور غلط پالیسیوں کے چلتے ایسے حالات بن گئے ہیں کہ وہاں کے وزیر اعظم عمران خان عالمی تقریب میں شامل ہونے کیلئے ایک طیارہ کا بندوبست تک نہیں کر پائے ۔
وزیر دفاع کا یہ بیان اس تناظر میں آیا ہے جب اسلام آباد کے لئے نکلے خان اور ان کے وفد کو مجبوری میں نیویارک لوٹنا پڑا کیونکہ سعودی حکومت کی جانب سے انہیں دئیے گئے خاص طیارے میں تکنیکی خامی آگئی تھی ۔ خان کے طیارے میں کینیڈی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے پرواز بھرنے کے کچھ ہی منٹوں بعد تکنیکی خامی آگئی تھی ۔