نیشنل ڈیسک : ہجومی تشدد پر لگام لگانے کے لئے نئے قانون کی تجویز پر مرکزی حکو مت کے رویے سے اے آئی ایم آئی ایم سربراہ اسدالدین اویسی نے ناراضگی جتائی ہے ۔ انہوںنے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کو ٹیگ کر ٹویٹ کرتے ہوئے جم کر بھڑا س نکالی ہے ۔
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سر براہ نے لکھا کہ ' میرے بل میں ہجومی تشدد کو روکنے کے لئے موجودہ نظام میںسدھار کرکے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ جانچ اور مقدمہ چلانے کی تجویز تھی۔ جب تک غلطی کرنے والے پولیس اہلکار اور ملزم کو وقت معین کے اندر سزا نہیں دی جائے گی ، تب تک ہجومی تشدد نہیں رکے گا ، یہ راکٹ سائنس نہیں ہے امت شاہ''۔
حیدر آباد سے ممبر پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے میڈیا میں آئی خبروں کا تذکرہ کیا ، جن میں افسران کو کہا گیا کہ ہجومی تشدد پر لگام لگانے کے لئے نئے قانون کی ضرورت نہیں ہے ۔کیونکہ موجودہ قانو ن ہجومی تشدد جیسے جرائم کو روکنے کے لئے کافی ہے ۔بس اس کو نافذ کئے جانے کی ضرورت ہے۔ بتادیں کہ اس سے پہلے اویسی نے ہجومی تشدد کے خلاف نئے قانون بنانے کی حمایت کی تھی اور ان واقعات پر لگام لگانے کے لئے ایک بل بھی پیش کیا تھا ۔