انٹرنیشنل ڈیسک: ٹیکساس کے شہر گیلویسٹن کے قریب پیر کے روز میکسیکن بحریہ کا ایک چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، جس میں ایک کم عمر طبی مریض اور سات دیگر افراد سوار تھے۔ حکام کے مطابق اس حادثے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔
میکسیکن بحریہ نے ایک بیان میں کہا کہ طیارے میں چار بحریہ کے افسران اور چار شہری سوار تھے، جن میں ایک بچہ بھی شامل تھا۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ امریکی کوسٹ گارڈ نے کن افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ طیارے میں سوار دو افراد میچو اور ما ؤفانڈیشن کے رکن تھے، جو شدید جلنے سے متاثر میکسیکن بچوں کو امداد فراہم کرتی ہے۔
حادثہ پیر کی دوپہر گیلویسٹن کے قریب ایک کازوے (اٹھا ہوا پانی کے اوپر بنا روڈ ) کے نزدیک پیش آیا۔ یہ علاقہ ہیوسٹن سے تقریبا پچاس میل جنوب مشرق میں واقع ہے۔ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
میکسیکن بحریہ نے کہا کہ طیارہ ایک طبی مشن میں مدد فراہم کر رہا تھا اور اس دوران ایک حادثہ پیش آ گیا۔ بحریہ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ حادثے کی وجوہات کی جانچ کرے گی اور مقامی حکام کے ساتھ تلاش اور بچا ؤکی کارروائی میں تعاون کر رہی ہے۔
ٹیکساس کے محکمہ عوامی تحفظ نے بتایا کہ وفاقی ہوابازی انتظامیہ اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہیں۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ وہ اس حادثے سے متعلق معلومات جمع کر رہے ہیں۔
گیلویسٹن کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے کہا کہ اس کی غوطہ خور ٹیم، کرائم سین یونٹ، ڈرون یونٹ اور گشتی ٹیمیں حادثے کی جگہ پر کارروائی کر رہی ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس علاقے میں نہ جائیں تاکہ امدادی کارکن محفوظ طریقے سے اپنا کام انجام دے سکیں۔
گیلویسٹن ایک مقبول ساحلی سیاحتی مقام ہے اور حالیہ دنوں میں اس علاقے میں دھند والا موسم دیکھا گیا ہے۔ نیشنل ویدر سروس کے ماہر موسمیات کیمرون بیٹسٹ نے کہا کہ پیر کی دوپہر تقریبا دو بج کر تیس منٹ تک دھند کے باعث حدِ نظر تقریبا آدھا میل تھی۔