نیو یارک: امریکہ میں نیو یارک شہر کے نو منتخب میئرظہران ممدانی نے اتوار کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کر کے تارکین وطن سے کہا کہ انہیں امریکی امیگریشن اور کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے اہلکار سے بات کرنے یا ان کی بات ماننے سے انکار کرنے کا حق حاصل ہے۔ یہ ویڈیو وفاقی اہلکار کی جانب سے مین ہیٹن میں کی گئی چھاپے کے چند ہی دن بعد شیئر کی گئی ہے۔ ممدانی نے شہر کے 30 لاکھ تارکین وطن کی حفاظت کا عہد کرتے ہوئے کہااگر آپ اپنے حقوق کو جانتے ہیں تو ہم سب مل کر ICE کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ لوگ وفاقی اہلکار سے بات نہ کرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں، ان کا ویڈیو بنا سکتے ہیں اور اگر اہلکار کے پاس جج کی جانب سے دستخط شدہ عدالتی وارنٹ نہیں ہے تو نجی جگہ میں داخلے کی ان کی درخواست کو مسترد کر سکتے ہیں۔ میئر کا یہ بیان نیو یارک کے چائنا ٹاون کے قریب کینال اسٹریٹ پر ICE کی جانب سے لوگوں کو حراست میں لینے کی کوشش کے ایک ہفتے بعد آیا، جہاں مظاہرین نے احتجاج کیا تھا۔ ممدانی نے کہا، ”ICE کو آپ سے جھوٹ بولنے کی قانونی اجازت ہے لیکن آپ کو خاموش رہنے کا حق حاصل ہے۔“ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ نیو یارک ہمیشہ تارکین وطن کا خیرمقدم کرے گا اور ان کے حقوق کا تحفظ کرے گا۔