واشنگٹن: امریکہ کی وفاقی حکومت بدھ کے روز بھی 36ویں دن بند رہی جو ملک کی تاریخ میں اس طرح کے سب سے طویل شٹ ڈاؤن ( تعطل ) کا ریکارڈ ہے۔ کانگریس کی جانب سے بجٹ کی منظوری نہ دیے جانے کی وجہ سے وفاقی پروگراموں میں کٹوتی، پروازوں میں تاخیر اور ملک بھر میں وفاقی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی رک گئی ہے اور اس سے لاکھوں امریکیوں کی زندگی متاثر ہو گئی ہے۔ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کے ساتھ ان کے مطالبات پر بات چیت کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
حزب اختلاف کی ڈیموکریٹ پارٹی صحت بیمہ سبسڈی کو ختم کرنے کے منصوبے کو سرد خانے میں ڈالنے کا مطالبہ کر رہی ہے اور جب تک یہ پورا نہیں ہوتا کانگریس (پارلیمنٹ)میں بجٹ کو حمایت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ ٹرمپ کے پہلے دور حکومت میں وفاقی حکومت کے بند ہونے کا پچھلا ریکارڈ بنا تھا۔
اس وقت میکسیکو کی سرحد پر حفاظتی دیوار کے لیے فنڈ فراہم کرنے کو لے کر شٹ ڈاؤن ( تعطل )پیدا ہوا تھا اور وفاقی حکومت تقریبا 35 دن تک بند رہی تھی۔ ریپبلکن سینیٹر بدھ کو اس بحران پر تبادلہ خیال کے لیے ناشتہ پر ملاقات کرنے والے ہیں۔ لیکن ڈیموکریٹس کے ساتھ کوئی بات چیت طے نہیں ہے۔