نئی دہلی:کانگرس کی جنرل سکریٹری اور لوک سبھا میں پارٹی کی رکن پریانکا گاندھی واڈرا نے کہا ہے کہ حکومت کے وزراء پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل ڈال رہے ہیں اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت خود پارلیمنٹ کو نہیں چلانا چاہتی ہے۔
پیر کے روز پارلیمنٹ ہاو¿س کے احاطے میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے محترمہ واڈرا نے کہا کہ ”پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے وقفہ سوالات میں رکاوٹ پیدا کی۔ جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی انہوں نے کارروائی میں خلل ڈالنا شروع کر دیا، جس سے ہنگامہ پیدا ہوا اور ایوان کو ملتوی کر دیا گیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت کی نیت ایوان کو چلانے کی نہیں ہے۔“
انہوں نے کہا کہ ”مودی حکومت خود پارلیمانی اجلاس کو متاثر کر رہی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ مودی حکومت پارلیمنٹ چلانا ہی نہیں چاہتی ہے۔ ہم نے پارلیمنٹ میں آلودگی پر بحث کا مطالبہ کیا تھا لیکن وہ بحث بھی نہیں ہو رہی ہے۔“
قابل ذکر ہے کہ پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہوتے ہی حکمراں پارٹی کے ارکان نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اتوار کے روز رام لیلا میدان میں منعقدہ ریلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے اور اس کے لیے پارٹی صدر ملکارجن کھڑگے، پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کو ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔