Latest News

امریکی ٹیرف کے باوجود بھی نومبر میں ہندوستان کی تجارتی اشیاء کی برآمدات میں اضافہ

امریکی ٹیرف کے باوجود بھی نومبر میں ہندوستان کی تجارتی اشیاء کی برآمدات میں اضافہ

نیشنل ڈیسک:  نومبر کے مہینے میں  ہندوستان  کی مجموعی مرچنڈائز ( تجارتی اشیاء ) برآمدات میں زبردست اضافہ درج کیا گیا ہے۔ سالانہ بنیاد پر ملک کی اشیاء  کی برآمدات 19 فیصد بڑھ کر38.13  ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جس میں امریکہ کے ساتھ تجارت میں خاصی بہتری دیکھی گئی۔ اس اضافے نے  ہندوستان کی بیرونی تجارت کی صورت حال کو کسی حد تک اطمینان بخش بنا دیا ہے۔ اس دوران  ہندوستان  کا مرچنڈائزگُڈس ٹریڈ ڈیفسٹ بھی تیزی سے کم ہوا ہے۔ اکتوبر میں جہاں یہ خسارہ ریکارڈ 41.7  ارب ڈالر پر تھا، وہیں نومبر میں کم ہو کر24.5 ارب ڈالر رہ گیا۔ یہ اعداد و شمار رائٹرز کے32 ارب ڈالر کے اندازے سے بھی کہیں بہتر رہے۔
امریکہ کو  ہندوستان  کی برآمدات میں نومبر کے دوران بڑا اضافہ دیکھنے کو ملا۔ سالانہ بنیاد پر امریکہ کو  ہندوستان  کی برآمدات 22.6  فیصد بڑھ کر 6.98  ارب ڈالر ہو گئیں، جو اکتوبر کے6.31 ارب ڈالر سے بھی زیادہ ہیں۔ اس سے قبل اکتوبر میں امریکہ کو برآمدات 8.6  فیصد اور ستمبر میں 11.9 فیصد کمی کے ساتھ درج کی گئی تھیں۔ مجموعی طور پر نومبر میں بھارت کی اشیا اور خدمات کی برآمدات میں 15.52  فیصد اضافہ ہوا اور یہ73.99  ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اس دوران الیکٹرانکس، جواہرات اور زیورات، انجینئرنگ اشیا اور حتی کہ تیار ملبوسات کی برآمدات میں بھی ایک سال پہلے کے مقابلے میں بہتری درج کی گئی۔
تاہم چیلنجز اب بھی برقرار ہیں۔ اگست میں امریکہ نے ہندوستان درآمدات پر اضافی پچیس فیصد محصول عائد کیا تھا، جس سے مجموعی ڈیوٹی پچاس فیصد تک پہنچ گئی۔ یہ واشنگٹن کی جانب سے اپنے تجارتی شراکت داروں پر عائد کیے گئے بلند ترین محصولات میں شامل ہے، جس کا سب سے زیادہ اثر ٹیکسٹائل، جواہرات اور زیورات اور سمندری مصنوعات پر پڑا۔  ہندوستان  کے صنعتی ادارے پی ایچ ڈی سی سی آئی کے صدر راجیو جنیجہ نے کہا کہ عالمی چیلنجز کے باوجود  ہندوستان  نے اپنے بیس بڑے تجارتی شراکت داروں میں سے چودہ کے ساتھ مثبت برآمدی اضافہ درج کیا ہے، جو ملک کی بیرونی تجارت میں بڑھتے ہوئے تنوع اور مضبوطی کی عکاسی کرتا ہے۔
اسی دوران  ہندوستان  اور امریکہ کے درمیان تجارتی مذاکرات کئی مہینوں سے جاری ہیں، تاہم اب تک کوئی ٹھوس معاہدہ طے نہیں ہو سکا ہے۔ اشارے مل رہے ہیں کہ دونوں فریق آہستہ آہستہ اپنے مقف میں نرمی لا رہے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ہندوستان پر عائد محصولات میں کمی کا اشارہ دیا ہے۔ واشنگٹن کے ساتھ توازن قائم کرنے کے لیے نئی دہلی نے امریکہ سے تیل اور گیس کی خرید میں اضافہ کیا ہے تاکہ تجارتی فاضل کو کم کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ہی آنے والے وقت میں ہندوستان کی جانب سے امریکہ سے زرعی مصنوعات کی خرید میں اضافے کی بھی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
 



Comments


Scroll to Top