Latest News

عالمی برادری ایک اور خلیجی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی: گوٹریس

عالمی برادری ایک اور خلیجی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی: گوٹریس

نیویارک:القدس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد امر یکہ اور  ایران کے درمیان  بڑھتی  کشیدگی پر عالمی برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اس ضمن میں یوروپی یونین، ترکی، روس، فرانس اور جرمنی سمیت کئی ممالک نے جہاں امریکی کارروائی کو خطہ کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا، وہیں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس کا کہنا تھا کہ دنیا ایک اور خلیجی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی  ۔
عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اقوام متحدہ، یوروپی یونین، ترکی، روس، فرانس اور جرمنی سمیت کئی ممالک نے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے امریکی اقدام کو خطہ کے امن کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا جس سے خطہ میں جارحیت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ عالمی رہنماؤں نے فریقین سے تحمل برتنے اور پر امن رہنے کی اپیل کی ہے۔
یوروپی یونین کے صدر نے عراق میں گزشتہ کچھ ہفتوں سے جاری اشتعال انگیزی اور انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی ہر صورت میں کم ہونی چاہئے۔ جرمن وزارت خارجہ نے ٹویٹ کی کہ وزیر خارجہ صورتحال پر برطانیہ اور فرانس سے رابطہ میں ہیں اور معاملات سلجھانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔
اسی طرح ترک وزارت خارجہ نے امریکی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جنرل سلیمانی کے قتل سے خطہ میں جاری تنا ؤمیں مزید اضافہ ہوگا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دنیا ایک اور خلیجی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی، روس اور چین نے بھی امریکی اقدام پر شدید نکتہ چینی کی ہے جب کہ شام، لبنان اور عراق بھی امریکہ کو تنقید کا نشانہ بناچکے ہیں۔

 



Comments


Scroll to Top