National News

سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان  نے  پاکستان کو7 وکٹوں سے دی شکست

سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان  نے  پاکستان کو7 وکٹوں سے دی شکست

کیپ ٹاؤن:جمائمہ روڈریگس (53 ناٹ آؤٹ)کی شاندار نصف سنچری اور ریچا گھوش (31 ناٹ آؤٹ)کی دھماکہ خیز اننگ کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2023 کے گروپ بی کے میچ میں روایتی حریف پاکستان کوسات وکٹوں سے شکست دے دی۔ پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان کے سامنے 150 رنوں کا ہدف رکھا، جسے ہندوستان نے 19 اوورز میں ہی حاصل کر لیا۔ پاکستان کو اس چیلنجنگ اسکور تک لے جانے کے لئے کپتان بسمہ معروف نے 55 گیندوں پر سات چوکوں کی مدد سے 68 رنز کی نصف سنچری اننگ کھیلی، جبکہ عائشہ نسیم نے 25 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 43 رنوں کا تعاون دیا۔

یہ ہندوستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور تھا، لیکن روڈریگس اور ریچا کی جوڑی نے بسمہ کی محنت پر پانی پھیر دیا۔ روڈریگس نے ہندوستانی اننگ کو استحکام دیتے ہوئے 38 گیندوں پر آٹھ چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے جبکہ ریچا نے 20 گیندوں پر پانچ چوکوں کے ساتھ 31 رنوں کی تابڑ توڑ اننگ کھیلی۔ ہندوستان کے تین وکٹ 93 رنز پر گرنے کے بعد، دونوں نے صرف 33 گیندوں میں 57 رنز کی شراکت داری کرکے ٹیم کو فتح تک پہنچا دیا۔ خواتین کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ دوسرا سب سے بڑا رن کا تعاقب ہے۔ یہ اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان کا سب سے بڑا کامیاب رن تعاقب بھی ہے۔

اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان گروپ بی میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے جبکہ انگلینڈ ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر پہلے نمبر پر ہے۔ ہندوستان نے ہدف کے تعاقب میں اچھا آغاز کیا۔ اسمرتی مندھانا کی غیر موجودگی میں اوپننگ کے لیے آنے والی یستیکا بھاٹیہ نے چوکے سے اننگ کا آغاز کیا، حالانکہ وہ 17 (20) رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ یاستیکا کا وکٹ گنوانے کے باوجود ہندوستان نے شیفالی ورما کے جارحانہ انداز کی بنیاد پر پاور پلے میں 43 رنزجوڑ لئے۔

شفالی 24 گیندوں پر چار چوکوں کے ساتھ 33 رنز بناکر اچھی لے میں نظر آرہی تھیں لیکن ناشرا سندھو نے انہیں آؤٹ کرکے ہندوستان کو ایک اور جھٹکا دیا۔ درمیانی اوورز میں اسپنرز نے رن ریٹ پر لگام کسی اورنتیجتا کپتان ہرمن پریت کور بھی 12 گیندوں پر 16 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئیں۔ 



Comments


Scroll to Top