بیجنگ: چین کے وزیر اعظم لی چیانگ نے ہفتے کے روز نیپال کے نو منتخب وزیر اعظم بالن شاہ کو مبارک باد کا پیغام بھیجا اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ 35سالہ قومی آزاد پارٹی کے رہنما بالن شاہ نے جمعہ کے روز صدر رام چندر پاوڈیل کے سامنے حلف اٹھایا تھا۔ اپنے پیغام میں لی چیانگ نے کہا کہ چین اور نیپال روایتی دوست ممالک ہیں جو پہاڑوں اور دریاوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی یاد دلایا کہ دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کو71 سال مکمل ہو چکے ہیں۔ چینی وزیر اعظم نے کہا کہ بیجنگ نیپال میں بہتر حکمرانی ترقی اور استحکام کی کوششوں میں تعاون جاری رکھے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے نیپال کی آزادی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے چین کی حمایت کو دوبارہ دہرایا۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطحی تعاون کو مزید بڑھانے اور چین کے کمربند اور شاہراہ منصوبے کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ چین نے یہ بھی کہا کہ نیپال کے ساتھ اس کی تزویراتی شراکت داری کو مزید مضبوط کیا جانا چاہیے تاکہ ترقی اور خوشحالی کے مشترکہ مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔ اسی دوران چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے نیپال کے نئے وزیر خارجہ ششیر کھنال کو بھی مبارک باد دی اور دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو نئی رفتار دینے کی بات کہی۔ وانگ یی نے کہا کہ 1955سے دونوں ملک اچھے اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور پنچ شیل کے اصولوں پر مبنی تعلقات مسلسل مضبوط ہوتے گئے ہیں۔