Latest News

امریکہ میں چینی سازش بے نقاب: خفیہ ایجنٹ نکلا امریکی سیاست کا کھلاڑی، 48 ماہ کی قید کی سزا

امریکہ میں چینی سازش بے نقاب: خفیہ ایجنٹ نکلا امریکی سیاست کا کھلاڑی، 48 ماہ کی قید کی سزا

واشنگٹن: امریکہ میں چین کی جانب سے خفیہ ایجنٹ کے طور پر کام کرنے والے ایک سیاسی آپریٹو کو وفاقی عدالت نے چار سال، 48 ماہ، جیل کی سزا سنائی ہے۔ مجرم قرار دیے گئے شخص کی شناخت یاؤ نِنگ مائیک سن( 65 )، کے طور پر ہوئی ہے جو کیلیفورنیا میں سرگرم تھا۔ امریکی محکمہ انصاف کے مطابق یونائیٹڈ اسٹیٹس ڈسٹرکٹ جج آر گیری کلاسنر نے یہ سزا سنائی۔ سن نے اکتوبر 2025 میں یہ اعتراف کیا تھا کہ اس نے اطلاع دیے بغیر ایک غیر ملکی حکومت کا غیر قانونی ایجنٹ بن کر کام کیا، جو امریکی قانون کی سیدھی خلاف ورزی ہے۔
محکمہ انصاف نے بتایا کہ سن 2022 سے جنوری 2024 تک عوامی جمہوریہ چین کے حکام کی ہدایات پر کام کرتا رہا۔ اس نے نہ صرف چینی حکومت کے احکامات پورے کیے بلکہ امریکہ میں چینی پروپیگنڈا پھیلانے اور چین مخالف گروہوں کی نگرانی بھی کی۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل جان اے آئزنبرگ نے کہا کہ سن کی سرگرمیاں امریکہ کی قومی خودمختاری پر کھلا حملہ تھیں اور یہ سزا ان تمام لوگوں کے لیے وارننگ ہے جو چینی حکومت کا اثر امریکی سرزمین پر پھیلانا چاہتے ہیں۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق سن جنوبی کیلیفورنیا کے ایک سٹی کونسل امیدوار کا مہماتی مشیر تھا، جسے نومبر 2022 میں کامیابی ملی۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ اس نے پوری ٹیم بنا کر امیدوار کی جیت یقینی بنائی اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے مفادات کو آگے بڑھایا۔
ایف بی آئی کے کاؤنٹر انٹیلی جنس ڈویژن کے افسر رومن روزہاووسکی نے کہا کہ سن نے اپنے عہدے کا غلط استعمال کر کے امریکی جمہوری اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش کی۔ عدالتی ریکارڈ میں یہ بھی سامنے آیا کہ سن نے اپریل 2023 میں جنوبی کیلیفورنیا کے دورے پر آئی تائیوان کی اس وقت کی صدر کی نگرانی کی۔ اس نے ان کی سرگرمیوں کی حقیقی وقت کی معلومات لاس اینجلس میں موجود چینی قونصل خانے کے افسر کو بھیجیں اور حامی و مخالف مظاہرین کی تصاویر بھی شیئر کیں۔
 اس کے علاوہ سن نے چار جولائی کی پریڈ میں چین حامی مظاہرہ منعقد کرنے کے لیے چینی حکومت سے 80 ہزار ڈالر کی مانگ بھی کی تھی۔ استغاثہ نے بتایا کہ سن نے جان چن عرف چن جون نامی شخص کے ساتھ مل کر کام کیا، جسے چینی خفیہ نظام کا سینئر رکن بتایا گیا ہے۔ چن کو نومبر 2024 میں 20 ماہ قید کی سزا سنائی جا چکی ہے۔
 



Comments


Scroll to Top