کولمبو: سری لنکا میں گزشتہ 11 دنوں میں موسلادھار بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 31 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ تقریباً 4,000 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ سری لنکا کے آفت انتظامی مرکز نے جمعرات کو کہا کہ صرف وسطی پہاڑی اضلاع میں 18 افراد کی ہلاک ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ڈیلی مرر آن لائن کی خبر کے مطابق ایک خوفناک واقعے میں، کمبوکّانا میں بڑھے ہوئے پانی کی سطح کے درمیان ایک مسافر بس پھنس گئی، جس کے بعد امدادی ٹیموں نے 23 مسافروں کو کامیابی کے ساتھ بچا لیا۔
ادادیرانا نیوز پورٹل نے بتایا کہ تقریباً 10 لوگ زخمی ہوئے ہیں جبکہ 14 افراد لاپتا بتائے جارہے ہیں۔ صدر انورا کمارا دِسانائیکے نے 25 میں سے 17 انتظامی اضلاع میں بگڑتی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے میٹنگ بلائی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوب مشرق میں ایک کم دباو کا علاقہ بنا، جو بعد میں دباو کے علاقے میں تبدیل ہو گیا۔ محکمہ کے مطابق فی الحال وہ بٹیکلو سے 210 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔ محکمہ نے کہااگلے 12 گھنٹے میں اس کے شمال مغرب کی طرف بڑھنے اور طاقت پکڑ کر گہرے دباو کے علاقے میں تبدیل ہونے کا قوی امکان ہے۔” محکمہ نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں 200 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہونے کا امکان ہے۔