پشاور: پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع چاغئی میں نوکنڈی کے قریب پیش آنے والے ایک ہولناک سڑک حادثے میں 11 افغان شہری ہلاک ہو گئے، جبکہ9 دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک پک اپ گاڑی سامنے سے آنے والے تیل کے ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہلاک ہونے والے افغان شہری ایران کے راستے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے، جس کے لیے ایک منظم انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کی مدد لی جا رہی تھی۔ تمام مسافر ایران میں تیار کی گئی ایک ' جمیاد' پک اپ گاڑی میں سوار تھے، جس میں مجموعی طور پر 21 افغان شہری موجود تھے۔
چاغی: نوکنڈی کے قریب پک اپ گاڑی اور آئل ٹینکر میں حادثہ، 11 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے۔زخمیوں اور جاں بحق افراد کو نوکنڈی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا، ہسپتال حکام
زخمیوں اور جاں بحق افراد کا تعلق افغانستان سے تھا، گاڑی کے ڈرائیور کا تعلق تفتان سے تھا، ایس پی چاغی pic.twitter.com/BzahE8INQc
— Daily Khabardar Quetta (@KhabardarDaily) December 21, 2025
پولیس حکام نے بتایا کہ یہ گاڑی اسمگلروں کی جانب سے استعمال کیے جانے والے ایک عام راستے سے پاکستان میں داخل ہوئی تھی۔ حادثہ رات گئے اس وقت پیش آیا جب پک اپ نوکنڈی سے تقریبا 35 کلومیٹر دور ایک سنسان کچے علاقے میں پہنچی اور سامنے سے آنے والے تیل کے ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ11 مسافروں کی موقع پر ہی موت ہو گئی، جبکہ 9 افراد زخمی ہو گئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور ملبے سے لاشیں نکالیں۔ نوکنڈی ہسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نادر خان نے تصدیق کی کہ ہسپتال میں گیارہ لاشیں اور نو زخمی لائے گئے تھے۔ زخمیوں کا علاج کیا گیا ہے اور اس وقت سب کی حالت مستحکم ہے۔ پولیس نے بتایا کہ حادثے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام افراد، سوائے ڈرائیور کے، افغان شہری تھے۔ پک اپ کا ڈرائیور خدا نظر، جو تفتان کا رہائشی تھا، وہ بھی موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
ضلع چاغئی کے پولیس سپرنٹنڈنٹ محمد شریف نے بتایا کہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد ڈرائیور کی لاش تفتان بھیج دی گئی، جبکہ ہلاک ہونے والے افغان شہریوں کی لاشیں اور زخمیوں کو افغان سرحدی حکام کے ذریعے افغانستان منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات میں تیز رفتاری کو حادثے کی بنیادی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔ پولیس تمام پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ یہ حادثہ ایک بار پھر پاک ایران سرحد سے ملحقہ علاقوں میں خطرناک سڑک سفر اور غیر قانونی نقل مکانی کے خطرات کو نمایاں کرتا ہے، جہاں اس نوعیت کے جان لیوا حادثات مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔
اسی دوران بلوچستان کے بولان اور سبی علاقوں میں الگ الگ سڑک حادثات میں مزید دو افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔ بولان پاس کے علاقے میں ایک ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں دونوں سوار موقع پر ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔