خرطوم: سوڈان میں ایک ہسپتال اور سکول پر ہونے والے حملے میں 63 بچوں سمیت 114 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈہانوم گیبرییسیس نے سوڈان میں ایک کنڈرگارٹن اور ہسپتال پر ہونے والے ڈرون حملے کو ’بے معنی اور ظالمانہ‘ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ٹیڈروس ایڈہانوم کا کہنا ہے کہ جنوبی کوردفان کے قصبے کلوگی میں ہونے والے حملے میں 114 افراد ہلاک ہوئے، جن میں اقوام متحدہ کے مطابق 63 بچے بھی شامل ہیں۔
فوج اور میڈیکل تنظیم سوڈان ڈاکٹرز نیٹ ورک کی جانب سے حملوں کا الزام نیم فوجی ملیشیا ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) پر لگایا گیا ہے جو اپریل 2023 سے جاری خانہ جنگی میں سوڈانی فوج کے خلاف لڑرہی ہے۔
دوسرے حملے میں آر ایس ایف نے ملک کے سب سے بڑے تیل کے ذخیرے ہیجلیگ آئل فیلڈ پر قبضے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
واضحرہے کہ سوڈان میں 2023 سے حکومتی فورسز اور باغی ملیشیا کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے، اقوامِ متحدہ کے مطابق سوڈان جھڑپوں میں اب تک 13 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔