نئی دہلی:کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے مودی حکومت پر پنجاب کے سیلاب متاثرین کے ساتھ ناانصافی کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست کے لئے مرکز کی طرف سے ایک جامع ریلیف پیکیج دیا جانا چاہیے مسٹرگاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ پنجاب کو سیلاب کی وجہ سے تقریباً 20,000 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ایسے میں وزیراعظم کی طرف سے اعلان کردہ 1600 کروڑ روپے کا ابتدائی ریلیف پیکیج پنجاب کے عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں گھر برباد ہوگئے ہیں اور چار لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں سیلاب کے باعث تباہ ہو گئی ہیں۔ کسانوں کو مویشیوں کا بڑا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور بڑی تعداد میں ان کے جانور بہہ گئے ہیں۔
مسٹر گاندھی نے پنجاب کے عوام کو غیر معمولی حوصلے کا مالک قرار دیا اور کہا کہ تمام تر مشکل حالات کے باوجود پنجاب کے عوام نے غیر معمولی ہمت اور جذبے کا مظاہرہ کیا ہے۔ مجھے پورا یقین ہے کہ وہ ایک بار پھر پنجاب کو کھڑا کریں گے، انہیں صرف حمایت اور مضبوطی کی ضرورت ہے۔ میں وزیراعظم سے دوبارہ اپیل کرتا ہوں کہ فوراً ایک جامع ریلیف پیکیج جاری کریں۔