ماسکو: روسی صدر ولادیمیر پوتن نے جمعہ کو اعتماد ظاہر کیا ہے کہ یوکرین میں کریملن کے تمام فوجی اہداف حاصل کر لیے جائیں گے۔ اپنی سالانہ صحافی کانفرنس اور کال اِن شو کے دوران قوم سے خطاب کرتے ہوئے پوتن نے کہا کہ روسی فوج میدان جنگ میں مسلسل آگے بڑھ رہی ہے۔
اسٹریٹجک برتری اب روس کے پاس۔ گزشتہ 25 برسوں سے روس کی باگ ڈور سنبھالنے والے پوتن نے اعلان کیا کہ روسی افواج نے اب اسٹریٹجک برتری کو مکمل طور پر اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سال کے اختتام تک روسی افواج کو مزید بڑی کامیابیاں حاصل ہوں گی۔ قابل ذکر ہے کہ حالیہ مہینوں میں روس کی بڑی اور جدید ہتھیاروں سے لیس فوج نے یوکرین میں سست مگر مستحکم پیش رفت کی ہے۔
ٹرمپ کی امن کوششوں کے درمیان کشیدگی برقرار۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فروری 2022 سے جاری اس جنگ کو ختم کرنے کے لیے وسیع سفارتی کوششیں شروع کی ہیں۔ تاہم واشنگٹن کی ان کوششوں کو ماسکو اور کیف کی جانب سے ایک دوسرے کے بالکل برعکس اور سخت مطالبات کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
عوام سے براہ راست رابطہ۔ پوتن نے اس موقع پر قومی سطح کے کال اِن شو کے ذریعے ملک بھر کے روسی شہریوں کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔ دنیا بھر کے ماہرین کی نظریں اس بات پر جمی ہوئی ہیں کہ پوتن امریکہ کی حمایت یافتہ امن منصوبے پر کیا مو¿قف اختیار کرتے ہیں۔