تہران:ایران میں انٹرنیٹ سروس بڑی رکاوٹ کے بعد بحال کر دی گئی ہے۔ نیٹ بلاک انٹرنیٹ مانیٹرنگ سروس کی رپورٹ کے مطابق حکام نے انٹرنیٹ سروس میں رکاوٹ کی کوئی وضاحت نہیں کی۔ نیٹ بلاک نے اتوار کی رات اطلاع دی کہ ایران میں انٹرنیٹ کنکشن میں رکاوٹیں ریکارڈ کی گئیں۔ نیٹ بلاک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہاکہ ایران میں ملک گیر پابندی کے بعد انٹرنیٹ سروس بڑی حد تک بحال کر دی گئی ہے،فی الحال حکام نے کوئی وضاحت جاری نہیں کی۔ نیٹ بلاک کے مطابق ملک بھر میں تقریباً دو گھنٹے تک انٹرنیٹ سروس درہم برہم رہی۔
جون کے اواخر میں اسلامی جمہوریہ ایران کے بہت سے علاقوں کے رہائشیوں نے اطلاع دی کہ ایران پر اسرائیلی حملوں کی وجہ سے ملک میں انٹرنیٹ سروس محدود ہو گئی تھی، لیکن بعد میں لوگوں کی عالمی انٹرنیٹ تک رسائی بحال ہونا شروع ہو گئی۔ 13 جون کی شب ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد کئی دنوں تک انٹرنیٹ سروس وقفے وقفے سے منقطع رہی، لیکن 19 جون کی شام اور 20 جون کی رات کو یہ سروس بند کر دی گئی۔اس وقت ایرانی حکام نے اعلان کیا کہ وہ انٹرنیٹ سروس کو بلاک کر رہے ہیں، کیونکہ اسرائیل اسے فوجی مقاصد کے لیے غلط استعمال کر سکتا ہے۔