واشنگٹن: شدید سردی اور جنگ کی تباہ کاریوں سے دوچار یوکرین کے لیے واشنگٹن کی جانب سے ایک انسانی درخواست سامنے آئی ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے روس سے درخواست کی ہے کہ وہ کم از کم ایک ہفتے کے لیے کیف پر حملے روک دے، تاکہ سردی سے متاثرہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کو کہا کہ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پوتن سے درخواست کی ہے کہ وہ یوکرین کی دارالحکومت کیف پر ایک ہفتے تک حملے نہ کریں، کیونکہ یہ علاقہ شدید سردی کی لہر سے گزر رہا ہے۔
ٹرمپ کی یہ درخواست ایسے وقت میں آئی ہے جب روس یوکرین کے بجلی کے اداروں سمیت اہم بنیادی ڈھانچوں پر مسلسل حملے کر رہا ہے، جس کے باعث شدید سردی کے درمیان ملک بھر میں بڑی تعداد میں لوگ بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔ٹرمپ نے وائٹ ہاوس میں منعقدہ کابینہ اجلاس میں کہا، میں نے صدر پوتن سے ذاتی طور پر درخواست کی کہ وہ شدید سردی کے دوران ایک ہفتے تک کیف اور دیگر شہروں و قصبوں پر حملے نہ کریں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پوتن اس بات پر متفق ہو گئے ہیں۔ تاہم، فی الحال روس کی جانب سے اس کی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی ہے۔ادھر، حکام نے جمعرات کو بتایا کہ روس کی جانب سے یوکرین کے جنوبی زاپوریزیا علاقے میں رات کے وقت کیے گئے ڈرون حملے میں تین افراد ہلاک ہو گئے۔