نیویارک: امریکہ میں ایک ہفتے سے بھی کم وقت پہلے لاپتہ ہونے والا 22 سالہ ہندوستانی پوسٹ گریجویٹ طالب علم مردہ حالت میں مل گیا ہے۔ ہندوستانی قونصل خانے نے یہاں یہ جانکاری دی ہے ۔ کرناٹک کا رہنے والا اور کیلیفورنیا یونیورسٹی، برکلے میں پڑھنے والا طالب علم ساکیت سرینواسیا پیر کے دن سے لاپتہ تھا۔ سان فرانسسکو میں واقع ہندوستانی قونصل خانے نے مقامی وقت کے مطابق ہفتے کے دن سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں طالب علم کی لاش ملنے کی تصدیق کی۔ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ قونصل خانے کو یہ اطلاع دیتے ہوئے گہرا دکھ ہو رہا ہے کہ مقامی پولیس نے لاپتہ ہندوستانی طالب علم ساکیت سرینواسیا کی لاش ملنے کی تصدیق کر دی ہے۔
سرینواسیا کے عزیزوں کے لیے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے قونصل خانے نے کہا کہ قونصل خانہ خاندان کو ہر ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، جس میں مقامی حکام کے ساتھ رابطہ اور میت کو جلد از جلد ہندوستان لے جانے کا انتظام شامل ہے۔ قونصل خانے نے کہا کہ قونصل خانے کے افسران خاندان کے ساتھ رابطے میں ہیں اور تمام ضروری کارروائیوں اور خدمات میں ان کی مدد کریں گے۔
سرینواسیا کیلیفورنیا یونیورسٹی، برکلے میں ماسٹر آف سائنس کے کورس کی پڑھائی کر رہا تھا۔ برکلے اسکینر نیوز پورٹل نے بتایا تھا کہ سرینواسیا کے بیگ میں اس کا پاسپورٹ اور لیپ ٹاپ تھا جو پارک ہلز علاقے میں ایک دروازے پر ملا تھا۔ اس سے پہلے مقامی پولیس نے سرینواسیا کے بارے میں معلومات رکھنے والے کسی بھی شخص سے کہا تھا کہ وہ مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کرے۔