انٹر نیشنل ڈیسک: آسٹریلیا کے کوئنزلینڈ میں ایک ساحل پر 24 سالہ خاتون کے قتل کے معاملے میں بھارتی نڑاد ایک شخص کو 25 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ مقامی میڈیا نے یہ معلومات دی ہیں۔ 'اے بی سی نیوز' نے منگل کو اپنی خبر میں بتایا کہ کیرنز میں واقع اعلیٰ عدالت نے پیر کو سابق نرس راجوندر سنگھ (41) کو ٹویا کورڈنگلی کے قتل کا مجرم قرار دیا۔
خبر کے مطابق جج لنکن کرولی نے کہا کہ خاتون کے قتل کے پیچھے راجوند رسنگھ کا مقصد نامعلوم تھا۔ 'دی گارڈین' نے منگل کو اپنی خبر میں بتایا کہ راجوندر سنگھ نے 21 اکتوبر 2018 کو کیرنز کے شمال میں وانگیٹی بیچ پر اپنے کتے کو سیر کر رہی کورڈنگلی کا قتل کیا تھا۔ کورڈنگلی پورٹ ڈگلس میں ایک 'ہیلتھ فوڈ اور فارمیسی اسٹور' میں کام کرتی تھی۔ قتل کے بعد سنگھ اپنی بیوی، بچوں اور والدین کو آسٹریلیا میں چھوڑ کر بھارت چلا گیا تھا۔