Latest News

نائجیریا کے کیتھولک اسکول پر حملہ، بندوق برداروں نے دو سو سے زیادہ طلبہ اور 12 اساتذہ کو کیا اغوا

نائجیریا کے کیتھولک اسکول پر حملہ، بندوق برداروں نے دو سو سے زیادہ طلبہ اور 12 اساتذہ کو کیا اغوا

انٹرنیشنل ڈیسک: نائجیریا کے مغربی خطے میں بندوق برداروں نے ایک کیتھولک رہائشی مدرسے پر جمعہ کو حملہ کرکے دو سو سے زیادہ طلبہ اور بارہ اساتذہ کا اغوا کر لیا۔ ملک کی کرسچن ایسوسی ایشن آف نائجیریا  ( سی اے این ) نے یہ جانکاری دی ۔ حملہ اور اغوا کی یہ واردات ' سینٹ میریز اسکول'  میں ہوئی جو اگوارا مقامی حکومت کے پاپیری علاقے میں واقع ایک کیتھولک ادارہ ہے۔ سی اے این کی نائجیر ریاستی شاخ کے ترجمان ڈینیئل اٹوری نے بتایا کہ حملہ آوروں نے دو سو پندرہ طلبہ اور بارہ اساتذہ کو یرغمال بنا لیا۔
انہوں نے نائجیر میں سی اے این کے صدر موسٹ ریورنڈ بلُس داووا کے حوالے سے ایک بیان میں کہا، میں آج رات ہی واپس آیا ہوں، اس کے بعد میں اسکول گیا تھا جہاں میں نے والدین سے بھی ملاقات کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسوسی ایشن ہمارے بچوں کی محفوظ واپسی یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ نائجیرریاستی پولیس کمان نے کہا کہ اغوا کی واردات صبح سویرے ہوئی اور اس کے بعد سے علاقے میں فوج اور سیکورٹی فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس نے بتایا کہ سینٹ میریز ایک ثانوی مدرسہ ہے جو نائجیریا میں بارہ سے سترہ سال کی عمر کے بچوں کو تعلیم فراہم کرتا ہے۔
 سیٹلائٹ سے لی گئی تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ اسکول کا احاطہ ایک نزدیکی پرائمری اسکول سے جڑا ہوا ہے اور اس میں پچاس سے زیادہ کلاس روم اور ہاسٹل موجود ہیں۔ یہ ییلووا اور موکوا قصبوں کو ملانے والی ایک اہم سڑک کے قریب واقع ہے۔ مقامی رہائشی داودا چیکولا نے بتایا کہ اغوا کیے گئے بچوں میں ان کے چار پوتے پوتیاں بھی شامل ہیں جن کی عمر سات سے دس سال کے درمیان ہے۔ نائجیر ریاستی حکومت کے سیکریٹری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے دی گئی خفیہ وارننگ کے باوجود یہ اغوا کا واقعہ  ہوا۔
بیان میں کہا گیا کہ سینٹ میریز اسکول نے ریاستی حکومت کو اطلاع دیے بغیر یا اس کی منظوری لیے بغیر ہی تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع کر دیں جس سے طلبہ اور ملازمین کو غیر ضروری خطرے کا سامنا کرنا پڑا۔ پاپیری کے رہائشی عمر یونس نے کہا کہ جمعہ کو ہونے والے حملے کے وقت اسکول میں صرف مقامی سکیورٹی موجود تھی اور کوئی سرکاری پولیس یا حکومتی فورس تعینات نہیں تھی۔ کونٹاگورا کے کیتھولک ڈائیوسیز نے ایک بیان میں کہا کہ حملے کے دوران ایک سکیورٹی اہلکار کو گولی لگی۔ اس دوران حکام نے ملک کے 45 وفاقی کالج جو شورش زدہ شمالی ریاستوں میں واقع ہیں، بند کر دیے۔ چند روز قبل ہی پاپیری سے لگ بھگ ایک سو ستر کلومیٹر دور ماگا میں پیر کو ایک اسکول پر بندوق برداروں نے حملہ کرکے پچیس طالبات کا اغوا کر لیا تھا۔
 



Comments


Scroll to Top