بیجنگ: ایئر انڈیا نے اتوار کو تقریباً 6 سال کے طویل وقفے کے بعد شنگھائی اور دہلی کے درمیان اپنی براہِ راست پرواز کی خدمات دوبارہ بحال کر دی ہیں۔ شنگھائی میں قائم بھارتی تجارتی سفارت خانے کی جانب سے جاری پریس نوٹ کے مطابق، یہ پرواز شنگھائی پوڈونگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دہلی کے لیے روانہ ہوئی۔
230 سے زائد مسافر سوار
اس پرواز کے لیے بوئنگ 787 طیارے کا استعمال کیا گیا، جس میں 230 سے زائد مسافر سوار تھے۔ قابل ذکر ہے کہ سال 2020 کے آغاز میں کووڈ-19 وبا کے پھیلاو¿ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پرواز کی خدمات معطل کر دی گئی تھیں۔ اس کے بعد مشرقی لداخ میں بھارت اور چین کے درمیان چار سال سے زائد عرصے تک جاری فوجی تصادم کی وجہ سے ان خدمات کو بحال نہیں کیا جا سکا تھا۔
تجارت اور باہمی رابطے کے لیے اہم قدم
شنگھائی میں بھارت کے ہائی کمشنر پرتیک ماتھر نے ایئر انڈیا کی براہِ راست پروازوں کی بحالی کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے اسے بھارت اور چین کے درمیان عوامی رابطے، تجارت اور ادارہ جاتی تعلقات کی بحالی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ ایئر انڈیا کی پروازوں کی یہ واپسی 2020 کے بعد دونوں ممالک کے درمیان باقاعدہ ہوائی رابطے کو معمول بنانے کی سمت میں ایک اہم واقعہ مانی جا رہی ہے۔