نئی دہلی:دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ 'ایک پیڑ ماں کے نام' مہم نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کا پیغام دیتی ہے بلکہ یہ ماں اور دھرتی ماں دونوں کے تئیں ہماری شکر گزاری کی علامت بھی ہے یہاں سنٹرل رج، پی بی جی پولو گراونڈ میں منعقدہ ایک بڑے شجر کاری پروگرام میں آج ایک پیڑ ماں کے نام لگانے کے بعد محترمہ گپتا نے کہا، 70 ممالک کے سفارت کاروں نے اپنی ماوں کے نام دہلی کی سرزمین پر درخت لگائے۔ یہ منظر ظاہر کرتا ہے کہ ماں کا رشتہ نہ زبان کا پابند ہوتا ہے اور نہ ہی سرحدوں کا۔ ماں نام لیا جائے تو پوری زمین ایک ہوجاتی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کی 'ایک پیڑ ماں کے نام' مہم یہی جذبہ پیداکرتی ہے، ماں کو سلام، دھرتی ماں کو سلام۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر ماحولیات بھوپیندر یادو اور مختلف ممالک کے 70 سفارت کاروں کی موجودگی نے اس مہم کو عالمی تعاون اور مشترکہ ذمہ داری کا احساس دلایا۔ یہ منظر واقعی ایک محرک تھا کہ مختلف ممالک کے نمائندے مل کر دہلی کو مزید سرسبز، صاف ستھرا اور ماحول دوست بنانے کے عزم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مسٹر مودی کی سالگرہ پر جاری سیوا پکھواڑے کے تحت 'ایک پیڑ ماں کے نام 2.0' مہم نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کا پیغام دیتی ہے بلکہ ماں اور دھرتی ماں دونوں کے تئیں ہماری شکرگزاری کی بھی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت اس سال 70 لاکھ درخت لگانے کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ آپ سب سے عاجزانہ درخواست ہے کہ اپنی والدہ کے نام پر ایک درخت ضرور لگائیں۔