میلان اٹلی: لوک سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی نے جرمنی کے شہر برلن میں انڈین اوورسیز کے رہنماوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2027 میں این آر آئیز کے تعاون سے پنجاب میں کانگریس کی حکومت بنے گی۔
قابل ذکر ہے کہ وہ برلن میں ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے جس میں اوورسیز کانگریس کی پوری قیادت بھی موجود تھی، جن میں شری سام پترودا، ڈاکٹر آرتی کرشنا، راجوندَر سنگھ، کمل پریت دھالیوال خصوصی طور پر ان کے ساتھ موجود تھے۔
یورپ کے مختلف ممالک سے آئے انڈین اوورسیز کانگریس کے رہنماوں کے ساتھ بھرپور میٹنگ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ وہ تمام مذاہب کا احترام کرتے ہیں، ہندو، مسلم، سکھ اور عیسائی مذاہب کو سچ کی علامت مانا گیا ہے۔
سری گرو نانک دیو جی نے بھی حق اور سچ پر چلنے کا راستہ دکھایا ہے۔
انہوں نے کانگریس کے رہنماوں کو حوصلہ دیتے ہوئے پنجاب میں آنے والے اسمبلی انتخابات کی تیاری کرنے کے لیے بھی کہا۔
اس موقع پر راجوندَر سنگھ سوئٹزرلینڈ، کوآرڈینیٹر دلجیت سنگھ سہوتہ، پرمود کمار منٹو صدر یورپ، سکھ چین سنگھ ٹھیکریوالا، بلویندر سنگھ گرداسپوریا، کمل پریت دھالیوال یو کے، ڈاکٹر سونیا کور صدر ویمن ونگ یورپ، گرمندر کور رندھاوا کوآرڈینیٹر ویمن ونگ یورپ کے علاوہ اٹلی، ناروے، ایسٹونیا، سویڈن، ڈنمارک، فرانس، پرتگال، سوئٹزرلینڈ، اسپین، مالٹا اور آسٹریا سمیت دیگر ممالک سے کانگریس کے رہنما خصوصی طور پر موجود تھے۔