گیجٹ ڈیسک: امریکہ کے نیویارک شہر میں ایک ایسا انوکھا کیفے کھولا گیا ہے، جہاں لوگ کسی انسان کے ساتھ نہیں بلکہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس اے آئی پارٹنر کے ساتھ ڈیٹنگ کر رہے ہیں۔ ویلنٹائن ویک کے دوران شروع ہونے والا یہ کیفے سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔
اے آئی کے ساتھ ڈیٹنگ کیسے ہوتی ہے۔
نیویارک کے ہیلز کچن علاقے میں کھولے گئے اس پاپ اپ کیفے کا نام ایوا اے آئی کیفے بتایا جا رہا ہے۔ یہاں آنے والے لوگ اپنے موبائل یا ٹیبلٹ پر موجود اے آئی چیٹ بوٹ کو اپنے سامنے رکھ کر کافی پیتے ہیں اور باتیں کرتے ہیں۔ کیفے کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ لوگ اکیلے بیٹھ سکیں اور موبائل اسٹینڈ پر اپنے اے آئی ساتھی کو رکھ کر ڈیٹ جیسا تجربہ حاصل کر سکیں۔
لوگ اس رجحان کو کیوں پسند کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بہت سے لوگوں کو اے آئی کے ساتھ بات کرنا زیادہ آرام دہ لگتا ہے کیونکہ اس میں مسترد کیے جانے یا کسی کے فیصلے کا کوئی خوف نہیں ہوتا۔ کئی لوگ اسے تنہائی میں ایک سہارا مانتے ہیں اور اسے ایک سیف اسپیس کے طور پر دیکھ رہے ہیں، جہاں وہ بغیر کسی دباو¿ کے اپنی بات رکھ سکتے ہیں۔ کچھ لوگ صرف تجسس کی وجہ سے بھی یہاں پہنچ رہے ہیں تاکہ وہ دیکھ سکیں کہ اے آئی کے ساتھ ڈیٹنگ کا تجربہ کیسا ہوتا ہے۔
ماہرین کی تشویش۔
جہاں کچھ لوگ اسے ٹیکنالوجی کا اگلا قدم مان رہے ہیں، وہیں ٹیک ماہرین کی جانب سے تشویش بھی ظاہر کی جا رہی ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اگرچہ اے آئی تنہائی کو کم کرنے میں مددگار ہو سکتا ہے، لیکن اس سے لوگ حقیقی انسانی رشتوں سے دور ہو سکتے ہیں۔
فی الحال یہ کیفے محدود مدت کے لیے ایک تجربے کے طور پر کھولا گیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ کیا مستقبل میں اے آئی کے ساتھ کافی پینا ایک عام بات بن جائے گی یا یہ صرف ایک وائرل رجحان بن کر رہ جائے گا۔