نئی دہلی :امور خارجہ کی وزارت نے آج بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اگلے ہفتے برطانیہ اور مالدیپ کا سرکاری دورہ کریں گے اور دونوں ممالک کے رہنماوں سے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیر اعظم مودی اپنے برطانیہ کے ہم منصب کیتھ اسٹارمر کی دعوت پر 23-24 جولائی کو برطانیہ کا چوتھا دورہ کریں گے۔
دو روزہ دورے کے دوران، وزیر اعظم مودی اسٹارمر کے ساتھ ہند-برطانیہ دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلووں پر وسیع بات چیت کریں گے۔ وہ علاقائی اور عالمی اہمیت کے امور پر بھی خیالات کا تبادلہ کریں گے۔
توقع ہے کہ وزیر اعظم مودی برطانیہ کےشاہ چارلس سوم سے بھی ملاقات کریں گے۔
دورے کے دوران، دونوں فریق تجارت اور معیشت، ٹیکنالوجی اور اختراع، دفاع اور سلامتی، آب و ہوا، صحت، تعلیم اور عوام سے عوام کے تعلقات پر خصوصی توجہ کے ساتھ ساتھ جامع اسٹریٹجک شراکت داری (سی ایس پی) کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیں گے۔
اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں، وزیر اعظم مودی جمہوریہ مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معزو کی دعوت پر 25-26 جولائی کو مالدیپ کا دورہ کریں گے۔
وزارت خارجہ نے کہا کہ یہ ہندوستانی وزیر اعظم کا مالدیپ کا تیسرا دورہ ہوگااور معزو کی صدارت کے دوران کسی سربراہِ حکومت کا مالدیپ کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔
وزیر اعظم 26 جولائی کو مالدیپ کی آزادی کی 60 ویں سالگرہ کی تقریبات میں ’مہمان خصوصی‘ ہوں گے۔
دو روزہ دورے کے دوران، وزیر اعظم مودی معزو سے ملاقات کریں گے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں رہنما اکتوبر 2024 میں مالدیپ کے صدر کے ہندوستان کے سرکاری دورے کے دوران منظور کیے گئے ’اقتصادی اور سمندری سلامتی سے متعلق جامع شراکت داری‘ کے لیے ہند-مالدیپ مشترکہ وڑن کے نفاذ میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیں گے۔
وزارت خارجہ نے بتایا کہ یہ دورہ ہندوستان کی جانب سے اپنے سمندری پڑوسی مالدیپ کو دی جانے والی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے، جو ہندوستان کی ’پڑوسی پہلے‘ کی پالیسی اور ویڑن مہاساگر میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔