نئی دہلی:ہندوستان نے کہا ہے کہ سری لنکا کے لیے انسانی امداد لے جانے والے پاکستانی طیارے کو ہندوستانی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دینے میں 60 گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر کے پاکستان کے بیان بے بنیاد اور مضحکہ خیز ہیں ہندوستان نے واضح کیا کہ یہ اجازت اسی دن پانچ گھنٹے سے بھی کم وقت میں دے دی گئی تھی ہندوستان کا ردعمل ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان کے وزارتِ خارجہ نے دعویٰ کیا کہ ہندوستان، پاکستان کی جانب سے سری لنکا کو انسانی امداد پہنچانے کی کوششوں میں رکاوٹ بن گیا ہے۔ پاکستانی وزارتِ خارجہ کے مطابق، امدادی سامان لے کر سری لنکا جانے والے ایک خصوصی طیارے کو ہندوستان نے وقت پر منظوری نہیں دی، جس کے باعث اس میں 60 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔
ہندوستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے پاکستان کے اس دعوے کو ”ہند مخالف غلط معلومات پھیلانے کی ایک اور کوشش“ قرار دیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ”ہم پاکستان کی وزارتِ خارجہ کے اس مضحکہ خیز بیان کو مسترد کرتے ہیں، جو ہندوستان کے خلاف غلط فہمیاں پھیلانے کی ایک کوشش ہے۔“
انہوں نے کہا کہ ”سری لنکا کے لیے انسانی امداد لے جانے والے پاکستانی طیارے کی پرواز کے لیے منظوری کی درخواست اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن کو یکم دسمبر 2025 کو تقریباً 1300 بجے موصول ہوئی تھی۔ انسانی امداد کی فوری ضرورت کو دیکھتے ہوئے حکومتِ ہند نے اسی دن درخواست پر فوری کارروائی کی اور شام 1730 بجے مجوزہ شیڈول کے مطابق پرواز کی اجازت دے دی۔“
ترجمان نے کہا کہ ”ہندوستان ان مشکل حالات میں ہر ممکن ذرائع سے سری لنکا کے لوگوں کی مدد کرنے کے لیے پرعزم ہے۔“
یہ امداد سری لنکا میں سمندری طوفان ’دِتوا‘ سے ہوئی شدید تباہی کے بعد بھیجی جا رہی ہے۔
ہندوستان نے سری لنکا کے لیے انسانی امداد کی طیارہ پرواز کی منظوری میں تاخیر کے پاکستان کے ’مضحکہ خیز‘ دعوے کو مسترد کیا
یہ امداد سری لنکا میں سمندری طوفان ’دِتوا‘ سے ہوئی شدید تباہی کے بعد بھیجی جا رہی ہے۔