نئی دہلی: شہریت ترمیمی قانون ( سی اے اے )کے خلاف اقوام متحدہ انسانی حقوق کمیشن ( یو این ایچ آرسی) نے ہندوستان کی سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ یہ جانکاری یو این آیچ آر سی کے ہائی کمشنر نے ہندستان کو دی ہے۔یو این ایچ آر سی کے ہائی کمشنر نے سی اے اے کے خلاف ہندوستا ن کی سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے اور ہندوستان کو اس کی اطلاع دی ہے۔
یو این ایچ آر سی کے اس اقدام پر وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ 'یہ ہندوستان کا اندرونی معاملہ ہے'۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ ' کسی بھی غیر ملکی طاقت کے پاس ہندوستان کی خود مختاری سے متعلق مسائل پر کوئی کنٹرول نہیں ہے '۔اس سلسلے میں وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمارنے کہا کہ ' جنیوا میں ہمارے مستقل مشن کو کل شام یو این ایچ آر سی کے ہائی کمشنر نے بتایا کہ ان کے دفتر نے شہریت ترمیمی قانون 2029 کے سلسلے میں ہندوستا ن کی کے سپریم کورٹ میں ایک مداخلتی درخواست دائر کی ہے'۔
سی اے اے ہندوستان کا اندرونی معاملہ
کمار نے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون ہندوستان کا اندرونی معاملہ ہے اور قانون بنانے کے لئے ہندوستانی پارلیمنٹ کے پاس اپنا حق ہے۔ہم بے جھجک مانتے ہیں کہ کسی بھی غیر ملکی طاقت کے پاس ہندوستان کی خود مختاری سے متعلق مسائل پر کوئی کنٹرول نہیں ہے'۔
ہم کو اپنی آزاد عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ'ہم اس بات پر قائم ہیں کہ سی اے اے آئینی طور پر درست ہے اور ہمارے آئینی اقدار کی تمام ضروریات کے ساتھ مطابقت رکھتا ہے ۔ یہ ہندوستان کی تقسیم کے بعد پیدا ہوئے انسانی حقوق کے مسائل کے سلسلے میں ہماری طویل عرصے سے چل آ رہے قومی عزم کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہے۔ ہم سب کو ابھی آزاد عدلیہ پر مکمل اعتماد ہے۔