پنجاب کے سابق کابینہ وزیر نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستان کی جانب سے کرتارپور کوریڈور کی افتتاحی تقریب میں مدعو کئے جانے کے بعد امرتسر میں جگہ جگہ ان کے اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے پوسٹر لگائے گئے ہیں۔ان پوسٹروں کو لے کر ایک بار پھر پنجاب کی سیاست گرما گئی ہے ۔
پوسٹروں پر لکھا ہوا ہے کہ عمران خان اور نوجوت سنگھ سدھو سری کرتارپور صاحب کاریڈور کھلوانے کے ہیرو ہیں۔سدھو جب پاکستان گئے تھے تو انہوں نے ہی عمران خان کے سامنے سری کرتارپور صاحب کاریڈور کھلوانے کا مطالبہ رکھا تھا، جسے انہوں نے مان لیا تھا۔
وہیں پوسٹروں کی مخالفت کرتے ہوئے ریاستی بی جے پی ترجمان راجیش ہنی نے سدھو کو پاکستان کا آئی ایس آئی ایجنٹ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سدھو غدار ہیں اور آئی ایس آئی کے ہاتھوں میں کھیل کر ملک کا ماحول خراب کرنے میں مصروف ہیں۔
اگرچہ سدھو گزشتہ کافی عرصے سے خاموش بیٹھے ہوئے تھے اور ان کو 9 نومبر کو کرتارپور صاحب کاریڈور کی افتتاحی تقریب میں شامل ہونے کا پہلا دعوت نامہ ملا ہے ، لیکن مرکزی اور پنجاب حکومت سے سدھو اب تک کوئی بھی جواب نہیں ملا ہے۔