ہندوستان پاکستان کے درمیان کشیدگی اس وقت عروج پر ہے اور جب سے مرکزی حکومت نے جموں کشمیر کو خاص درجہ دینے والی دفعہ 370 کو ہٹایا ہے تب سے حالات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں ، یہاں تک کہ اس وقت یہ حال ہے کہ دونوں ممالک میں ایک دوسرے ملک کے فنکاروں پر بھی پابندی لگی ہوئی ہے ۔
حال ہی میں بالی وڈ گلوکار میکا سنگھ کی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد انہیں کافی ٹرول کیا گیا ۔ کیونکہ میکا سنگھ اس ویڈیو میں پاکستان میں مشرف کے رشتے دار کے یہاں پرفارم کررہے تھے ۔
اس پورے معاملے کی سنجیدگی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مشہور ٹی وی شو 'بھابھی جی گھر پر ہیں ' میں انگوری بھابھی کا کردار نبھا نے والی اداکارہ شلپا شندے نے میکا سنگھ کی حمایت میں اترتے ہوئے کہا کہ ،' اگر میرا ملک مجھے ویزا دیتا ہے اور پاکستان استقبال کرتا ہے تو میں ضرور پاکستان جاؤں گی ۔ ایک فنکار ہونے کے ناطے میں یہ کام کروں گی ۔ یہ میرا حق ہے ، مجھے کوئی نہیں روک سکتا ۔ کسی فنکار پر آپ ایسے پابندی نہیں لگا سکتے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں چاہوں تو سڑک پر سٹیج لگا کر پرفارم کروں کیونکہ مجھے روزی روٹی کمانے کیلئے کسی ذریعے کی ضرورت نہیں ہے ۔
میکا سنگھ کی حمایت بولتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ،' میکا پاجی سے زبردستی معافی مانگوائی ہے جو بہت غلط بات ہے ۔ '