سری نگر: 2010 بیچ کے آئی اے ایس ٹاپرڈاکٹرشاہ فیصل جنہوں نے رواں برس جنوری میں سرکاری ملازمت سے مستعفی ہوکرانتخابی سیاست میں کودنے کا ارادہ ظاہر کیاتھا ، نے اتوارکے روزاپنی سیاسی جماعت 'جموں وکشمیرپیپلزمومنٹ' کورسمی طورپرلانچ کردیا۔ انہوں نے اپنی جماعت کا نام رسمی لانچنگ تقریب سے ایک روزقبل یعنی ہفتہ کے روز منکشف کیا تھا۔ 'ہوا بدلے گی' پیپلزمومنٹ کا نعرہ ہے۔
سری نگر کے راجباغ علاقہ میں واقع فٹ بال گراؤنڈ گندن پارک میں اتوارکومنعقد ہونے والی ایک بڑی تقریب میں شاہ فیصل نے اپنی پارٹی کورسمی طورپرلانچ کیا۔ اس موقع پرمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی درجنوں عوامی شخصیات اور جواہرلال نہرو یونیورسٹی طلبا یونین کی سابق نائب صدرشہلا رشیدنے جموں وکشمیر پیپلز مومنٹ میں شمولیت اختیارکی۔ شمولیت اختیارکرنے والوں میں سکھ اورکشمیری پنڈت لیڈر بھی شامل تھے۔
شاہ فیصل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر پیپلزمومنٹ ریاست کو ایک نئی سیاست دینے کے لئے وجود میں لائی ہے۔ یہ وہ ریاست ہے جس نے پچھلے 70 برسوں کے دوران صرف دھوکے دیکھے ہیں۔ یہ جماعت کسی مخصوص علاقے یا مذہب کی جماعت نہیں ہے بلکہ ریاست کے تینوں خطوں کے لوگوں کی جماعت ہے۔