سری نگر: جموں وکشمیرکے گورنرستیہ پال ملک نے کہا کہ مہاتما گاندھی کوسنہ 1947، جب ہندوستان اورپاکستان میں خون خرابے کا ماحول تھا، وادی کشمیرمیں امن روشنی کی کرن نظرآئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ گاندھی جی نے کشمیرکوجوعزت دی ہے وہ ملک کے کسی دوسرے حصے کونہیں دی ہے۔
گورنرستیہ پال ملک نے بدھ کے روزیہاں مہاتما گاندھی کے150 ویں یوم پیدائش کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گاندھی جی نے سب سے کمزور، سب سے غریب اورسب سے زیادہ ستائے ہوئے لوگوں کیلئے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے ہمیں جینا سکھایا ہے۔ کشمیرکے بھائیو، آپ کوخوش قسمت محسوس کرنا چاہئے کہ جس دن وہ آپ کے یہاں آئے تھے، ہندوستان اورپاکستان میں پاگل پن تھا، ماردھاڑہورہی تھی۔ لیکن یہاں آکرانہوں نے آپ لوگوں کی وجہ سے امن ہی امن دیکھا'۔
جموں وکشمیرکے گورنرکا مزید کہنا تھاکہ 'گاندھی جی نے یہاں امن ہی امن دیکھ کرکہا کہ کشمیرسے مجھے روشنی کی کرن نظرآتی ہے۔ وہ یہاں للت ہوٹل میں ٹھہرے تھے۔ میں 15 دن میں ایک بار وہاں ضرورجاتا ہوں اورچائے پیتا ہوں۔ گاندھی جی نے آپ کوجوعزت دی ہے وہ ملک کے کسی دوسرے حصے کونہیں دی ہے۔ اس کوآپ ضروریاد رکھئے گا'۔