ممبئی: بالی وڈ اداکار سنجے دت کو ممبئی کے لیلاوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انہیں سانس لینے میں پریشانی ہو رہی ہے۔ سانس لینے میں پریشانی کے پیش نظر ان کا کورونا ٹیسٹ بھی کرایا گیا تھا، لیکن سنجے دت سے منسلک ذرائع کی مانیں تو کورونا ٹیسٹ میں ان کی رپورٹ نیگیٹیو آئی ہے۔اطلاعات کے مطابق سنجے دت کو شام تقریبا 6 بجے لیلاوتی ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ سانس کی پریشانی کو دیکھتے ہوئے آنا فانا میں ہسپتال میں ہی کورونا ٹیسٹ کیا گیا۔
اس میں ریپیڈ انٹیزن ٹیسٹ کی رپورٹ نگیٹیو ہے، لیکن سوئیب ٹیسٹ بھی کیا گیا ہے، جس کی رپورٹ آنا باقی ہے۔ سنجے دت کو سانس لینے میں تکلیف کے ساتھ ساتھ آکسیجن لیول کم ہو رہا تھا، جس کے سبب فیملی نے فورا ہسپتال میں داخل کیا ہے۔واضح رہے کہ ان دنوں ایک کے بعد ایک فلمی دنیا کے فنکاروں کو ہسپتال کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں۔
ممبئی میں کورونا کا قہر برقرار ہے۔ کئی دنوں تک ہسپتال میں داخل رہنے کے بعد آج بھی ابھیشیک بچن نے ٹویٹ کرکے اطلاع دی کہ انہوں نے بھی کورونا کو شکست دے دی ہے۔ اس سے پہلے امیتابھ بچن، ایشوریہ رائے کو بھی ہسپتال میں داخل ہونا پڑا تھا۔ اب سنجے دت کو بھی ہسپتال جانا پڑا ہے۔
حالانکہ اچھی خبر یہ ہے کہ سنجے دت کو کورونا کی پریشانی نہیں ہے۔ تازہ اطلاعات ملنے تک انہیں محض سانس لینے میں پریشانی کی بات بتائی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ لاک ڈاؤن کے وقت سنجے دت ممبئی میں اکیلے رہ رہے تھے۔ ان کی فیملی دبئی میں کسی کام سے گئی ہوئی تھی اور لاک ڈاؤن کے دوران وہیں پھنس گئی تھی۔
فلموں کی بات کریں تو سنجے دت کی سڑک-2 اسی ماہ ریلیز ہونے والی ہے۔ اس میں ان کے ساتھ پوجا بھٹ، عالیہ بھٹ اور آدتیہ رائے کپور بھی نظر آنے والے ہیں۔ طویل عرصے کے بعد ایک بار پھر سے مہیش بھٹ کی ہدایت کاری کی باگ ڈور اس فلم سے سنبھالی ہے۔