نئی دہلی :بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی )نے کانگرس سمیت مختلف اپوزیشن پارٹیوں پر شہریت ترمیمی بل 2019 (سی اے بی) کے سلسلے میں مسلمانوں کو مشتعل کرنے اور ملک میں فساد کروانے کی کوشش کا الزام عائد کیا۔
بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے یہاں پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا کہ شہریت ترمیمی بل کے سلسلے میں کانگرس ہندو اور مسلمان کے درمیان فساد کروانے کی کوشش کر رہی ہے۔
اس مسئلے پر مسلمانوں میں بھرم کی صورتحال پیدا کی جارہی ہے اور ملک میں آگ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگرس پارٹی سمجھ گئی ہے کہ ترقی کے مسئلے پر وہ عوام کے درمیان نہیں ٹک سکتی اور نہ ہی الیکشن جیت سکتی ہے جس کے سبب وہ بوکھلاہٹ میں عوام کو مشتعل کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا، مغربی بنگال اور آسام میں ریل گاڑیوں میں کون آگ لگا رہا ہے،انھیں ہم پہچانتے ہیں۔ کس کے کہنے پر ایسے غیر ذمہ دارانہ کام انجام دئیے جارہے ہی ، انھیں ہم جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے واضح کر دیا کہ شہریت ترمیمی بل کسی کا حق چھینتا نہیں ہے بلکہ پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے آنے والے غیر مسلم افراد کو حق دیتا ہے۔ یہ لوگ برسوں سے ہمسایہ ممالک میں خستہ حال زندگی بسر کر رہے تھے۔