Latest News

ہمسائے سے اچھے برتاؤ کیلئے اس کے اچھے ہونے کا انتظار نہ کریں:پوپ فرانسس

ہمسائے سے اچھے برتاؤ کیلئے اس کے اچھے ہونے کا انتظار نہ کریں:پوپ فرانسس

ویٹیکن سیٹی :اسقف اعظم پوپ فرانسس نے میلاد مسیح کے موقع پر کہا ہے کہ خدائے برتر سب انسانوں سے محبت کرتا ہے، خواہ کوئی شخص کتنا ہی گنہگارکیوں نہ ہو۔ایک عشاریہ تین بلین رومن کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پو پ فرانسس کرسمس سے عین پہلے کل رات ویٹیکن سٹی کے سینٹ پیٹرز بسیلیکا میں منعقد ہ روایتی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ کرسمس اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ کوئی کتنا ہی برا کیوں نہ ہو، خدا سب سے محبت کرتا ہے۔
رومن کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا (83)نے مزید کہا کہ ہو سکتا ہے کہ کسی کے خیالات میں خلل ہو یا کسی نے معاملات کو بالکل ہی بگاڑ دیا ہو، باوجودیکہ خدا انسانوں سے محبت کرتا ہے۔ اسقف اعظم نے کہا کہ لوگ کئی بار سوچتے ہوں گے کہ اگر وہ اچھا کام کریں گے تو خدا بھی ان کے ساتھ اچھا کرے گا اور اگر وہ برا کام کریں گے تو خدا سز ا دے گا۔ لیکن ایسا نہیں ہے۔ وہ بندوں سے ہمیشہ محبت کرتا ہے۔
پوپ فرانسس نے عصری منظر نامے کے پس منظر میں کہا ایسا نہیں سوچنا چاہئے کہ انسانیت سے محبت وقت کا زیاں ہے، محبت زندگی کو ایک مقصد دیتا ہے۔ اس لئے ہمت ، اعتماد اور امید کا دامن کبھی نہیں چھوڑنا چاہئے۔ انسانوں کو چاہئے کہ وہ دوسروں کے لیے تحفہ بنیں اوراحترام حاصل کرنے کے لئے دوسروں کی مدد کریں، ہمسائے سے اچھے برتاؤ کے لیے اس کے اچھے ہونے کا انتظار نہ کریں۔
کیتھولک مسیحیوں کے 266ویں روحانی پیشوا نے اپنے خطاب میں اس بات پر بھی زور دیا کہ بچوں کی اچھی پرورش پر توجہ دی جائے اور خود کو ان کی محبت میں فنا کردیا جائے تاکہ بعدمیں یہ شکایت نہ رہے کہ وہ بزرگوں سے محبت نہیں کرتے ۔
 



Comments


Scroll to Top