نرمداپورم: دہلی میں ہوئے دھماکے کے بعد پورے ملک میں اس واقعے کا ذکر ہے اور کئی ریاستوں میں سکیورٹی ایجنسیاں الرٹ موڈ پر ہیں۔ اسی دوران نرمداپورم کے اٹارسی ریل جنکشن سے ایک ہلچل مچانے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بدھ کے روز اٹارسی ریلوے جنکشن پر اس وقت سنسنی پھیل گئی جب ٹرین کی ایک بوگی کے ٹوائلٹ میں ' ٹرین بلاسٹ ' اور 'پاکستان زندہ باد ' جیسے نعرے لکھے ملے۔

ٹرین نمبر 22177 مہانگری ایکسپریس کی بوگی کے ٹوائلٹ میں ان نعروں کو پڑھ کر دہشت پھیل گئی۔ فورا ًہی ریلوے پولیس فورس کو اطلاع دی گئی۔ جس کے بعد اٹارسی ریلوے اسٹیشن پر ٹرین کی تلاشی لی گئی۔ جانکاری کے مطابق ممبئی سے وارانسی جا رہی مہانگری ایکسپریس کے جنرل کوچ سے یہ معاملہ سامنے آیا ہے۔ کوچ کے باتھ روم میں 'پاک زندہ باد، بم دھماکہ' لکھا ملنے سے مسافروں میں ہلچل مچ گئی۔
اٹارسی میں آر پی ایف، جی آر پی، سٹی پولیس، بم اسکواڈ کے ساتھ ہی ڈاگ اسکواڈ نے ٹرین کی بوگیوں کی گہری جانچ کی۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ افواہ پھیلانے کے لیے ہی ایسے الفاظ ٹوائلٹ میں لکھے گئے تھے۔ لہٰذا جانچ کے بعد ٹرین کو روانہ کر دیا گیا۔