اسلام آباد: جموں کشمیر کا خاص درجہ ختم کرنے اور اس کو دومرکز کے زیر انتظام ریاست میں تقسیم کرنے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے ۔پاکستان اپنے جالے صاف کرنے کے لئے بار بار ہندوستان پر جھوٹے الزامات لگا رہا ہے ۔ بدھ کے روز پاکستان نے ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلو والیہ کو طلب کیا اور ہندوستانی فوج کی طرف سے لائن آف کنٹرول( ایل او سی ) پر مبینہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کو لیکر اعتراض کیا۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ اس میں ایک خاتون کی موت ہوگئی ۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل محمد فیصل نے اہلو والیہ کو طلب کیا اور ایل او سی سے متصل نیجا پیر اور بگسر سیکٹر میں ہندوستانی فوج کی طرف سے مبینہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی مذمت کی ۔
پاکستان کا الزام ہے ہندوستانی فوج کی جانب سے بلا وجہ کی گئی گولی باری میں 50 سالہ خاتون نور جہاں کی موت ہوگئی اور تین دیگر شہری زخمی ہوگئے ہیں۔فیصل جو وزارت خارجہ کے ترجمان بھی ہیں، نے الزام لگایا کہ ایل او سی پر ہندوستانی فوج مسلسل بلا اشتعال رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا رہی ہے ، جو اب بھی جاری ہے ۔