نئی دہلی: مرکزی وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے جمعہ کو کہا کہ وہ ملک میں بغیر ڈرائیور والی(ڈرائیورلیس)گاڑیوں کو اجازت نہیں دیں گے۔ ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ ' مجھ سے کئی بار بغیر ڈرائیور والی گاڑیوں کے بارے میں پوچھا جاتا ہے،تب میں کہتا ہوں کہ جب تک میں وزیر ٹرانسپورٹ ہوں، تب تک آپ بھول جائیں،میں ڈرائیورلیس گاڑی کو بھارت میں نہیں آنے دوں گا'۔
ملک میں 22 لاکھ ڈرائیوروں کی کمی کی بات کہتے ہوئے گڈکری نے کہا کہ ملک میں روزگار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ صنعت میں بھی اضافہ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ گاڑی کباڑ کی پالیسی آخری مراحل میں ہے اوراگر ہم اسے لاتے ہیں تو ہماری قیمت 100 فیصد گھٹ جائے گی ،کیونکہ خام مال سستا ہو جائے گا اور بھارت ای گاڑی، گاڑی کی مینوفیکچرنگ کے معاملے میں دنیا میںنمبر ایک مینوفیکچرنگ مرکز بن جائے گا۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ یقینی طور پر ہندوستان کو 5000 ارب ڈالر کی معیشت بنانے میں کافی اہم کردار ادا کرے گا۔ گڈکری نے کہا کہ فی الحال گاڑی صنعت 4.5 لاکھ کروڑ روپے کی ہے-
مرکزی وزیر نے ایک اور پروگرام میں کہا کہ حکومت کی اگلے پانچ سال میں کھادی اور دیہی صنعتی سیکٹروںکے کاروبار کو بڑھا کر دو لاکھ کروڑ روپے کرنے کی منصوبہ بندی ہے، فی الحال اس کا کاروبار 75000 کروڑ روپے ہے۔انہوں نے صنعت سے عالمی کاروبار میں اپنی حصہ داری کو بڑھا کر تقریباً 10 فیصد کرنے کی اپیل کی ہے۔